5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:48
زلزلہ متاثرہ خاندانوں میں 10ہزار روپے فی کس تقسیم کرینگے، ایدھی
جنگ نیوز -
کوئٹہ …ایدھی فاونڈیشن کے سربراہ عبدالستار ایدھی نے کہا ہے کہ وہ بلوچستان میں حالیہ زلزلے سے دالبندین کے متاثرین میں فی خاندان دس دسہزار روپے کی رقم اورکمبل تقسیم کریں گے ۔کوئٹہ ایدھی سینٹر میں نیوز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انھوں نے بتایا کہ دورہ بلوچستان کا مقصد دو روز قبل آنیوالے زلزلہ متاثرین کی امداد ہے ۔انھوں نے کہا کہ دالبندین کے دو سو خاندان متاثر ہو ئے ہیں جن کی امداد کیلئے وہ کل کوئٹہ سے قافلے کی صورت میں دالبندین روانہ ہونگے ۔ انھوں نے کہا کہ بلوچستان میں ایدھی فاونڈیشن کے19مقام قائم ہیں اگر ضرورت پڑی تو مزید سینٹرز بھی بنائیں گے ۔جبکہ انھوں نے بولان میڈیکل کمپلیکس ہسپتال میں بند کئے گئے ایدھی سینٹر کو دوبارہ سے کھولنے کا اعلان کیا ۔ انھوں نے کہا کہ پاکستانی قوم سے ہی میں مانگتا ہو ں اور وہ مجھے دیتی ہے ۔انھوں نے بتا یا کہ دنیا کہ73ملکوں میں گیا ہر جگہ پاکستانی قوم نے مجھے لاکھوں ڈالرز دیے اس وقت پوری دنیا میں ایدھی فاونڈیشن کے13سینٹرز کام کر رہے ہیں اورزلزلہ ہو یا سیلاب کسی بھی ناگہانی صورتحال میں ہم لوگوں کی مدد کیلئے آگے آتے ہیں صرف غریب عوام کی دی ہوئی رقم سے ۔ انھوں نے کہا کہ ملک کو غریب رکھنے والے ٹیکس چور ہیں اور پھر صبر کی تلقین کرتے ہیں یہی حالات رہے تو ملک ختم ہوجائے گا۔اس دوران انھوں نے کوئٹہ کے ایدھی فاؤنڈیشن کے ملازمین کی تنخواہوں میں ایک ایک ہزار روپے کے اضافے کا اعلان کیا۔