تازہ ترین سرخیاں
 تازہ ترین خبریں 
5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:48

کے ای ایس سی افسروں اور عملے کو خوفزدہ کیا جارہاہے، کمپنی انتظامیہ

جنگ نیوز -
کراچی …کے ای ایس سی کی انتظامیہ نے کہا ہے کہ ادارے کے افسروں اور عملے کو خوفزدہ کیا جارہا ہے جس کی وجہ سے کچھ علاقوں میں آپریشنز جزوی یا مکمل طور پر بند کرنے پر مجبور ہوگئے ہیں ۔ کے ای ایس سی کے بیان کے مطابق شہر میں تمام مرکزی آپریشنل سینٹرز سے مصدقہ اطلاعات ملی ہیں کہ یونینوں میں موجود شرپسند عناصر اور باہر سے آنے والے غیر متعلقہ نامعلوم افراد ادارے کے افسروں اور عملے کو دھمکیاں دے رہے ہیں ۔ ان عناصر نے کے ای ایس سی کے کئی دفاتر زبردستی بند کرادیئے ہیں ۔ ملازمین کو فرائض انجام دینے سے روک رہے ہیں ۔ افسروں اور ملازمین کو صارفین کی شکایات دور کرنے اور معمول کی مرمت و بحالی کے کاموں سے زبردستی روکا جارہا ہے ۔ مقامی انتظامیہ اور صوبائی حکومت سے سکیورٹی فراہم کرنے اور شرپسند عناصر کی غیر قانونی حرکتوں کی روک تھام کیلئے کئی درخواستیں کی گئیں لیکن اس کے باوجود کے ای ایس سی کو کوئی مدد فراہم نہیں کی گئی ۔ اس صورت حال میں ادارے کی انتظامیہ کئی علاقوں میں جزوی اور کچھ علاقوں میں مکمل طور پر ایل ٹی اور ایچ ٹی آپریشنز بند کرنے پر مجبور ہوگئی ہے ۔ بیان کے مطابق ملازمین کے لئے محفوظ ماحول کی فراہمی میں حکومت کی ناکامی اور شرپسند عناصر پر قابو پانے میں قانون نافذ کرنیوالے اداروں کی نااہلی کے سبب کے ای ایس سی یہ قدم اٹھانے پر مجبور ہورہی ہے ۔ صارفین پر اس کے اثرات کی تمام تر ذمے داری حکومت اور شرپسند عناصر پر ہوگی ۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ کے ای ایس سی کی انتظامیہ اور افسران تمام صارفین کو خدمات فراہم کرنے کی کوشش جاری رکھیں گے اور شرپسند عناصر کے ہاتھوں یرغمال نہیں بنیں گے ۔

متن لکھیں اور تلاش کریں
© sweb 2012 - All rights reserved.