5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:48
کے ای ایس سی کے برطرفیوں کیخلاف ملازمین کا احتجاج ودھرنا جاری
جنگ نیوز -
کراچی …کے ای ایس سی کے چارہزار سے زائد ملازمین کی برطرفی کے خلاف ملازمین کااحتجاج دوسرے دن بھی جاری ہے۔ وزیراعلیٰ سندھ نے اس معاملے پرچار رکنی کمیٹی تشکیل دیدی ہے جبکہ کے ای ایس سی حکام اورگورنر سندھ کے درمیان آج اجلاس بھی ہوگا۔ملازمین نے گزشتہ صبح گورنر ہاؤس کراچی کے قریب فوارہ چوک سے احتجاج کا آغازکیا جس کے بعد مظاہرین کے ای ایس سی کے مرکزی ہیڈ آفس پہنچے جہاں احتجاج کا سلسلہ شروع ہوا جو اکتیس گھنٹے گزرنے کے بعد بھی جاری ہے ۔ملازمین سے اظہار یکجہتی کیلئے پیپلز پارٹی ، جماعت اسلامی ، مسلم لیگ ن اور اے این پی کے قائدین اور سابق صوبائی وزیر عرفان اللہ خان مروت نے شرکت کی جبکہ متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین نے ملازمین کو فوری بحال کرنے کا مطالبہ کیا،آج احتجاج میں متحدہ قومی موومنٹ کی یونائیٹڈ ورکرز یونین بھی شامل ہوئی،پیپلز پارٹی کی مرکزی سیکریٹری اطلاعات فوزیہ وہاب ، صوبائی وزیرتوانائی شازیہ مری نے پیپلز پارٹی کے دیگر قائدین کے ساتھ ملازمین کے ساتھ اظہار یکجہتی کیا ۔ان کا کہنا تھا کہ ملازمین کو فوری بحال کیا جائے ،وزیر اعلیٰ سندھ نے بھی نوٹس لیتے ہوئے صوبائی وزیر شازیہ مری کی سربراہی میں چار رکنی کمیٹی تشکیل دیدی ہے ،جبکہ کے ای ایس سیذرائع کے مطابق آج گورنر ہاؤس میں گورنر سندھ ڈاکٹرعشرت العباد ، ایم کیو ایم کے رہ نما ڈاکٹر فاروق ستار اور کے ای ایس سی کے ایم ڈی تابش گوہر کے درمیان اہم ملاقات ہوگی ۔دوسری جانب سی بی اے لیبریونین کے چیئرمین اخلاق احمد کاکہنا ہے کہ تمام ملازمین کی بحالی تک احتجاج جاری رہے گا۔