5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:48
اعلیٰ عدلیہ میں ججز تقرری کے جوڈیشل کمیشن کا اجلاس
جنگ نیوز -
اسلام آباد…اعلیٰ عدلیہ میں ججوں کی تقرری کے جوڈیشل کمیشن کا اہم اجلاس آج چیف جسٹس پاکستان جسٹس افتخار محمد چوہدری کی سربراہی میں سپریم کورٹ کی عمارت میں ہو رہا ہے ۔اجلاس میں ہائیکورٹس کے تقریبا 51ایڈیشنل ججز کی مدت ملازمت بارے غور کیا جائے گا ۔ذرائع کے مطابق جوڈیشل کمیشن،سندھ ہائی کورٹ کے نئے چیف جسٹس کی نامزدگی سمیت10ایڈیشنل ججوں کی مدت ملازمت بارے غور کرے گا ۔ذرائع کے مطابق چیف جسٹس سندھ ہائیکورٹ سرمد جلال عثمانی کو سپریم کورٹ کا جج جب کہ سندھ ہائی کورٹ کیسینئر جج جسٹس مشیر عالم کو ان کی جگہ سندھ ہائی کورٹ کا چیف جسٹس بنائے جانے کا امکان ہے ۔اجلاس میں لاہور ہائیکورٹ کے 34 ایڈیشنل ججزکی مدت ملازمت کے حوالے سے بھی غورکیا جائے گا، ان میں میں12ایسے ایڈیشنل ججز ہیں جن کی ایک سالہ مدت ملازمت ستمبر2010 میں مکمل ہو گئی تھی تاہم سپریم کورٹ نے اٹھارہویں آئینی ترمیم کیس کی سماعت کے دوران ان ججوں کے حوالے سے حکم امتناعی جاری کیا تھا۔ باقی 22ججوں کی مدت ملازمت 18 فروری کو مکمل ہو رہی ہے ، پشاور ہائی کورٹ کے ان سات ایڈیشنل ججز کا معاملہ بھی زیر غور آئے گا جن کی مدت ملازمت 15مارچ کو ختم ہو رہی ہے۔