تازہ ترین سرخیاں
 تازہ ترین خبریں 
5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:48

پرتگالی بینک نے امریکا کو ایران میں جاسوسی کرنے کی پیشکش کی ،وکی لیکس

جنگ نیوز -
میڈرڈ …پرتگال کے سب سے بڑے نجی بینک نے ایران میں بزنس کرنے کے عوض امریکا کیلئے جاسوسی کرنے کی پیش کش کی تھی ۔یہ انکشاف وکی لیکس کے جاری کردہ امریکی مراسلے سے ہوا جو اسپین کے اخبار نے شائع کیا ہے ۔ یہ مراسلہ لزبن میں امریکی سفارت خانے سے فروری دو ہزار دس میں واشنگٹن بھیجا گیا ۔ ملینئم بی سی پی کے نام سے معروف پرتگال کے پہلے اور سب سے بڑے نجی بینک کے صدر کارلوس سانتوس فیریرا نے امریکی حکومت کے ساتھ یہ خفیہ معاہدہ کرنے کی کوشش کی تھی کہ اگر بینک کو ایران میں بزنس کرنے کی اجازت دی جائے تو ایرانی کھاتے داروں کے اکاؤنٹس ، اثاثوں اور مالیاتی سرگرمیوں کی معلومات امریکا کو فراہم کی جائینگی ۔ مراسلے میں کہا گیا کہ ملینئم بینک نے اس معاملے پر اپنی حکومت کے اعلیٰ عہدیداروں اور مرکزی بینک سے بھی مشاورت کی ہے ۔ تاہم وزیر اعظم اور کابینہ نے مختصر بیان میں کہا ہے کہ وہ ایران میں ملینئم بینک کی کسی کاروباری سرگرمی سے لاعلم تھے ۔ پرتگال کے مرکزی بینک کے مطابق وہ اس بات سے آگاہ تھا کہ ملینئم بینک کے وفد نے ایرانی سفارت خانے کی دعوت پر اپریل2009 میں تہران کا دورہ کیا تھا ۔ دوسری جانب ملینئم بینک نے امریکا کو معلومات کی فراہمی کے انکشاف کو غلط اور من گھڑت قرار دیا ہے ۔

متن لکھیں اور تلاش کریں
© sweb 2012 - All rights reserved.