5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:48
حکومت کی کوششوں کے باوجود ڈیرہ بگٹی لانگ مارچ نہیں رکے گا، شاہ زین
جنگ نیوز -
کوئٹہ …نوابزادہ شاہ زین بگٹی نے کہا ہے کہ حکومت ڈیرہ بگٹی لانگ مارچ روکنے کی ہر ممکن کوشش کررہی ہے تاہم یہ لانگ مارچ ضرور ہوگا۔اپنی رہائش گاہ پر میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے شاہ زین کا کہنا تھا کہ ہمارا ڈیرہ بگٹی کی جانب لانگ مارچ ضرور ہوگا تاکہ ہم وہاں پہنچ کر حکومت کی5سالہ بدعنوانی کا بھانڈا پھوڑ سکیں۔ان کا کہنا تھا کہ حکومت ان کے لانگ مارچ سے خوفزدہ ہے اور ان کی گرفتاری لانگ مارچ روکنے ہی کی ایک کڑی تھی، ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ لگتا ہے کہ موجودہ بلوچستان حکومت چند ہفتے کی مہمان ہے، جو لانگ مارچ کو روکنے کے اقدامات اٹھارہی ہے، اس موقع پر ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ اراکین اسمبلی اگرآئندہ الیکشن میں اپنی نشست بھی جیت لیں تو بڑی بات ہوگی۔صوبائی حکومت کی جانب سے حفظ ماتقدم کے طور پر نوابزادہ شاہ زین بگٹی کی رہائشگاہ کے باہر پولیس، بلوچستان کانسٹیبلری اور دیگر قانون نافذ کرنیوالے اہلکاروں کی بڑی تعداد کو تعینات کیا گیاہے اور انھیں علاقہ ایس ایچ اونے حکومتی احکامات حوالے کئے ہیں جس میں ان سے یہ کہا گیا ہے کہ نوابزادہ شاہ زین بگٹی، اورمیرگہرام بگٹی ضلع کوئٹہ کی حدودسے باہرنہیں جاسکتے پولیس اوردیگرقانون نافذکرنے والے اداروں کی نفری میں بدستوراضافہ ہورہا ہے۔