5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:48
غریب ، مظلوم اور محروم طبقوں کے انقلاب کا وقت آگیا ہے،الطاف حسین
جنگ نیوز -
کراچی ... متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین نے کہا ہے کہ ملک میں غریب ، مظلوم اور محروم طبقوں کے انقلاب اور لٹیروں کے خاتمے کا وقت آگیا ہے۔ آج دنیا دیکھ لے گی کہ تمام زبانیں بولنے والے ملک میں انقلاب چاہتے ہیں اور ایم کیو ایم کے پرچم تلے جمع ہیں ۔ الطاف حسین نے ان خیالات کا اظہار جناح گراؤنڈ کراچی میں قومی یک جہتی جلسے کی تیاریوں میں مصروف ایم کیو ایم کے ذمے داران اور کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ انہوں نے جلسے کی تیاریوں میں دن رات مصروف کارکنوں کو زبردست خراج تحسین پیش کیا ۔ الطاف حسین نے کہا کہ ایم کیو ایم پاکستان کی واحد جماعت ہے جس نے غریب و متوسط طبقے سے جنم لیا ۔ ایم کیو ایم کو روکنے کے لئے بھرپور پروپیگنڈہ کیا گیا لیکن آج تمام مذاہب کے لوگ ایم کیو ایم کے جلسے میں شریک ہو کر سازشی عناصر کو بتا دیں کہ ایم کیو ایم کراچی میں رہنے والی تمام اقلیتوں اور اکائیوں سے نہ صرف پیارکرتی ہے بلکہ ان کے حقوق کا خیال رکھتی ہے ۔ الطاف حسین کا کہنا تھا کہ ہر تحریک کا آغاز کراچی سے ہوا اور اب یہاں سے آج شروع ہونے والا انقلاب سفر کرتا ہوا وادی کشمیر تک پہنچ جائے گا ۔