5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:48
گرفتار شہری سفارتکار، جرائم سے استثنیٰ کا حق دار ہے، امریکا
جنگ نیوز -
واشنگٹن…امریکی دفترخارجہ کے ترجمان پی جے کراولی نے لاہورمیں شہریوں کوفائرنگ سے ہلاک کرنے والے شخص کی شناخت ظاہرکرنے سے ایک بارپھرگریزکیاہے۔اور کہاہے کہ گرفتار امریکی شہری سفارتکار اور جرائم سے استثنیٰ کا حق دار ہے ،فوری رہا کیا جائے ۔ دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ ہم نے امریکی سفارت کار کی فوری رہائی کا مطالبہ کیا ہے۔ وہ امریکی سفارت خانے کا ٹیکنیکل اور انتظامی عملے کا رکن ہے۔ اور اس وجہ سے فوجداری معاملات میں مکمل استثنیٰ رکھتا ہے۔ ویانا کنونشن کے تحت اسے نہ گرفتار کیا جاسکتا ہے نہ عدالت میں پیش کیا جا سکتا ہے۔ ہمارے خیال میں اس نے یہ عمل ذاتی دفاع میں کیا ہے جسے دو مسلح موٹر سائیکل سواروں کا سامنا تھا۔ جب ان سے پوچھا گیا کہ اسے سفارتی ویزا کیوں جاری نہیں کیا گیا اور پاکستانی حکام کیوں کہہ رہے ہیں کہ اسے سفارتی استثنیٰ حاصل نہیں ہے تو ترجمان کا کہنا تھا کہ اس معاملے پر اب تک ہماری حکومت پاکستان سے بات چیت چل رہی ہے۔گرفتار شہری کی شناخت کے حوالے سے پوچھے گئے سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ مجھے اس وقت اس بارے میں بات کرنے کی آزادی نہیں ہے۔ترجمان سے پوچھا گیا کہ کیا آپ بتا سکتے ہیں کہ اس کی حراست کب ختم ہوگی، انہوں نے کہا کہ وہ ابھی حراست میں ہے اور دنیا بھر کے سفارت خانوں میں مخصوص کاموں کے لیے مخصوص افراد ہوتے ہیں جن کو ہتھیار رکھنے کی اجازت ہوتی ہے۔ یہ وہ بات ہے جس پر ہم حکومتوں کے ساتھ بات چیت کرتے رہتے ہیں تاہم اس وقت میں ریمنڈ ڈیوس کے بارے میں بات نہیں کررہا۔