تازہ ترین سرخیاں
 تازہ ترین خبریں 
5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:48

ریمنڈ کی فائرنگ سے ہلاک شدگان کی پوسٹ مارٹم رپورٹ جیو کو مل گئی

جنگ نیوز -
لاہور... 27 جنوری کی دوپہر لاہور کے مصروف ترین چوک مزنگ چونگی کی عابد مارکیٹ کے قریب امریکی شہری ریمنڈ ڈیوس کی فائرنگ سے ہلاک ہونے والے دونوں نوجوانوں کی تفصیلی پوسٹ مارٹم رپورٹ جیو نیوز کو مل گئی ہے۔ اس رپوٹ میں دونوں نوجوانوں کے جسموں میں پیوست ہونے والی گولیوں کی تفصیلات درج ہیں،دونوں کو مجموعی طور پر9 گولیاں ماری گئیں اور صرف ایک ایک گولی انہیں سامنے سے لگی۔کنگ ایڈورڈ میڈیکل کالج یونیورسٹی کے شعبہ طب شرعی کے ڈاکٹرز نے اس واقعہ میں ہلاک ہونیو الے فیضان حیدر اور فہیم شمشاد کا پوسٹ مارٹم کیا۔رپورٹ کے مطابق27 جنوری کو نوجوان فہیم شمشاد کی لٹن روڈ موقع پر ہی2 بج کر 45 منٹ پرگولیاں لگنے سے موت واقع ہو ئی۔جس کی لاش کا پوسٹ مارٹم تقریبا22 گھنٹے30منٹ بعد کیا گیا۔ فہیم کے جسم پر زخموں کے4 نشان تھے ، اس کے جسم پر گولیاں بھی4لگیں۔ فہیم کو ایک گولی سر کے پیچھے دائیں طرف دوسری سامنے سے پیٹ پر جو آر پار ہو ئی،تیسری گولی کمر پر بائیں جانب،چوتھی بائیں کلائی پر لگی جو فہیم کی بائیں ٹانگ کی ران کو چھو کر گزر گئی۔ دوسرے نوجوان فیضان حیدر کی پوسٹ مارٹم کے مطابق ا سکی موت واقعہ کے ایک گھنٹے35 منٹ بعد اسپتال میں ہوئی۔اسکی لاش کا پوسٹ مارٹم19 گھنٹے55 منٹ بعد شروع ہوا۔فیضان کے جسم پر زخموں کے6 نشانات پائے گئے جن میں5گولیوں کے جبکہ ایک آپریشن کا ہے۔فیضان کو ایک گولی سامنے سے چھاتی کے دائیں طرف، جبکہ دوسری بائیں کولہے سے آر پار ہوئی،تیسرے گولی کمر کی بائیں جانب عقب سے ،اور دو گولیاں بائیں ران سے چھو کر گزر گئیں۔رپورٹ سے واضح ہواہے کہ دونوں کو صرف ایک ایک گولی فرنٹ سے لگی اور دونوں کو باقی گولیاں عقب سے ماری گئیں۔


متن لکھیں اور تلاش کریں
© sweb 2012 - All rights reserved.