5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:48
ریمنڈکیس:مقتول فیضان کے بھائی کاپولیس تفتیش پرعدم اعتماد
جنگ نیوز -
لاہور...امریکی شہری ریمنڈ ڈیوس کے ہاتھوں قتل ہونے والے فیضان حیدر کے بھائی عمران حیدر نے پولیس تفتیش کو لاہور ہائی کورٹ میں چیلنج کر دیا۔عمران حیدر نے آئی جی پولیس پنجاب ، سی سی پی او لاہور ، ایس پی انویسٹی گیشن اور لٹن روڈ پولیس کو فریق بنایا ہے۔ عمران حیدر نے مؤقف اختیار کیا ہے کہ پولیس عینی شاہدین اور گواہوں کے بیانات قلمبند نہیں کر رہی۔ پولیس پر شدید دباؤ ہے کہ وہ قاتل کو بچانے کے لئے حکومتی احکامات پر عملدرآمد کرے۔ درخواست میں کہا گیا ہے کہ تھانہ لٹن روڈ کے انچارج انویسٹی گیشن کی طرف سے شہادتیں قلمبند نہ کرنا غیر آئینی اور غیر قانونی ہے۔ درخواست میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ عدالت ریمنڈ ڈیوس کے خلاف تفتیش کے لئے دیانت دار اعلیٰ پولیس افسروں پر مشتمل اعلیٰ اختیاراتی ٹیم بنائے۔