5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:48
تخفیف اسلحہ کیلئے 3بڑی طاقتوں نے پاکستان کی تعریف کی، وکی لیکس
جنگ نیوز -
اسلام آباد…دنیا بھر میں تخفیف اسلحہ کے معاملے پر تین بڑی عالمی طاقتوں امریکا ، برطانیہ اور فرانس نے پاکستان اور چین کی تعریف کی تھی تاہم کہا تھا کہ اسلام آباد کو مزید لچک کا مظاہرہ کرنا ہوگا ۔امریکی آرمز کنٹرول کے قائم مقام انڈر سیکریٹری جان رووڈنے پیرس میں 7نومبر 2008 کو اپنے فرانسیسی اور برطانوی ہم منصب سے ملاقات کی جس میں ایٹمی عدم پھیلاؤ اور تخفیف اسلحہ کے معاملات زیر غور آئے ۔ امریکی پولیٹیکل منسٹر قونصلرKathleen Allegrone نے اکیس نومبر کو ملاقات کی تفصیل واشنگٹن کو لکھی جس میں بتایا گیا کہ تخفیف اسلحہ سے متعلق ہونیوالی کانفرنس پر تینوں ملکوں کے حکام کا کہنا تھا کہ توقعات کافی زیادہ ہیں اور اس کی اہم وجہ فیزائل مٹیریل کٹ آف ٹریٹی پر بات چیت کیلئے پاکستان اور چین کا زور ہے تاہم امریکا ، فرانس اور برطانوی عہدیداروں کا کہنا ہے کہ پاکستان کو زیادہ لچک کا مظاہرہ کرنا ہوگا ۔ اس ملاقات کے بعد فرانسیسی عہدیدارJacques Audibert نے جان رووڈ سے علیحدگی میں بھی بات کی جس میں انھوں نے تشویش ظاہر کی کہ ایٹمی ہتھیار کم کرنے کے معاملے پر برطانیہ کی جانب سے زیادہ شفاف رسائی کا مطالبہ درست نہیں ۔ اس سے ایٹمی طاقت رکھنے ملک جیسے کہ بھارت اور پاکستان مستحکم ہونے کے بجائے غیر مستحکم ہوجائیں گے جبکہ اسرائیل پر بھی دباؤ بڑھے گا ۔ برطانوی عہدیدارMariot Leslieکا کہنا تھا کہ ایٹمی طاقت رکھنے والے ملکوں کیساتھ زیادہ شفاف پالیسی اپنائی جائے تاکہ ان کے ایٹمی ہتھیاروں کی تعداد اور مستقبل کے منصوبے واضح ہوسکیں۔