29 مئی 2011
وقت اشاعت: 5:59
جاپان میں شدید زلزلے کے بعد آفٹرشاکس کا سلسلہ جاری
جنگ نیوز -
ٹوکیو ... جاپان میں آج بھی زلزلے کے شدید جھٹکے محسوس کیے ئے۔جاپانی حکومت نے اوناگاوا کے ایٹمی پاور پلانٹ کو محفوظ قرار دے دیا۔دیگر نیوکلیئر پلانٹس سے تابکاری کے اخراج سے دو سو افراد متاثر ہو چکے ہیں۔جاپان کے وزیر اعظم کا کہنا ہے کہ فوکو شیما کے جوہری پلانٹ کی حالت اب بھی تشویش ناک ہے۔ جاپان میں زلزلے کے آفٹرشاکس کا سلسلہ جاری ہے،غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق آج آنے والے زلزلے سے دارالحکومت ٹوکیو میں عمارتیں لرز گئیں، تاہم سونامی وارننگ جاری نہیں کی گئی۔ زلزلے کی شدت پانچ اعشاریہ آٹھ ریکارڈ کی گئی۔ دو روز پہلے آنے والے زلزلے اور سونامی کے بعد اوناگاوا کے ایٹمی پاور پلانٹ کو محفوظ قرار دے دیا گیا ہے،جاپان کی نیوکلیئر سیفٹی ایجنسی نے ایک بیان مین کہا ہے کہ اوناگاوا کے ایٹمی پاور پلانٹ کو کلیئر سگنل دے دیا گیا ہے۔بیان کے مطابق پلانٹ کا کولنگ سسٹم صحیح کام کر رہا ہے۔،علاقے میں تابکاری کی سطح بڑھنے کی وجہ ایک دوسرے پلانٹ سے تابکاری کا اخراج تھا۔ ماہرین تابکاری کا خطرہ ختم کرنے کے لیے دن رات مصروف ہیں ،اب تک تقریباّ دو سو افراد تابکاری سے متاثر ہوچکے ہیں۔ ری ایکٹروں کے قریب سے دو لاکھ افراد کو محفوظ مقامات تک منتقل کیا جا چکا ہے۔حکام نے کہا ہے کہ تابکاری بیرون ملک تک پہنچے کا خطرہ نہیں ہے۔زلزلے اور سونامی کے باعث دس ہزار افراد کی ہلاکت کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔قدرتی آفت کی تباہ کاریوں کے باعث کئی علاقوں کی بجلی غائب ہے اور پانی بھی دستیاب نہیں ہے۔جاپانی وزیرِاعظم ناؤ تو کان نے کہا ہے کہ ان کا ملک دوسری جنگِ عظیم کے بعد بدترین آفت سے گذر رہا ہے۔ بیرون ملک سے امدادی ٹیموں کی آمد کا سلسلہ جاری ہے،اتوار کو امریکا اور روس کی امدادی ٹیمیں لاپتا افراد کی تلاش اور دیگر امدادی سرگرمیوں میں مدد دینے کے لیے پہنچ گئیں۔