تازہ ترین سرخیاں
 تازہ ترین خبریں 
29 مئی 2011
وقت اشاعت: 5:59

بحرین میں تین ماہ کے لیے ایمرجنسی نافذ

جنگ نیوز -
مناما . . . . . بحرین میں حکومت نے تین ماہ کے لیے ملک میں ایمرجنسی نافذ کر دی ہے جبکہ سعودی عرب کی جانب سے اپنی فوج بحرین بھیجنے کے خلاف ہزاروں مظاہرین نے سعودی سفارت خانے کی جانب مارچ کیا ہے ،امریکا کا کہنا ہے کہ بحرین کے مسئلے کا فوجی نہیں سیاسی حل نکالنے کی ضرورت ہے۔مناما میں سرکاری ٹی وی کے مطابق شاہی فرمان میں کہا گیا ہے کہ اگلے تین ماہ کے لیے ملک کا انتظام سیکورٹی فورسز کے حوالے کر دیا گیا ہے ، ڈیفنس فورسز کے کمانڈر کو اختیار دیا گیا ہے کہ وہ ملک اور شہریوں کے تحفظ کیلئے ممکن ضروری اقدامات کریں،شاہی فرمان ملک کے تمام حصوں میں آج سے نافذ ہوگا۔ ادھر ایمرجنسی کے باوجود ملک میں ہزاروں مظاہرین مناما کی سڑکوں پر آگئے اور سعودی سفارت خانے کے سامنے مارچ کی کوشش کی۔ مظاہرین اورسیکورٹی فورسز کے درمیان جھڑپوں میں ایک سیکورٹی اہلکار مارا گیا۔اپوزیشن نے متحدہ عرب امارات اور سعودی عرب کے فوجی دستوں کی بحرین آمد پر شدید ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے اسے ملکی معاملات میں کھلی مداخلت اور قبضہ قرار دیا ہے۔ ادھر ایران کا کہنا ہے کہ بحرین میں غیر ملکی فوجیں بھیجنے کے نتائج خطرناک ہوں گے،بحرین نے ایران کے بیان پراحتجاجا تہران سے اپنا سفیر واپس بلوانے کا اعلان کیا ہے۔ادھر پیرس میں جی ایٹ کے اجلاس میں ہمسایہ ملکوں کی جانب سے بحرین فوج بھیجنے پر تشویش کااظہار کیا ہے،وہائٹ ہاؤس کے ترجمان Tommy Vietor کا کہنا ہے کہ بحرین میں فوج مسائل کا حل نہیں،اس مسئلے کو سیاسی انداز میں حل کرنے کی ضرورت ہے۔

متن لکھیں اور تلاش کریں
© sweb 2012 - All rights reserved.