29 مئی 2011
وقت اشاعت: 5:59
سیالکوٹ، آندھی سے ہلاک ہونیوالوں کی نمازہ جنازہ کی ادائیگی
جنگ نیوز -
سیالکوٹ… سیالکوٹ میں بارش اور تیز آندھی کے باعث جاں بحق ہونے والے پانچ افراد کی نماز جنازہ ادا کردی گئی ہے۔ وزیراعلی شہبازشریف کی جانب سے مرنے والوں کے ورثا کو پانچ پانچ لاکھ اور زخمیوں کو پچاس پچاس ہزار روپے کے چیک دیدے گئے۔ گزشتہ روز سیالکوٹ کے علاقے بہادرپورمیں بارش کے ساتھ اولے بھی پڑے اور دیکھتے ہی دیکھتے تیز آندھی نے پورے علاقے میں تباہی مچادی۔ دوپہر کے وقت آنے والے خطرناک طوفان کے نتیجے میں چار گاؤں کے 113 گھر تباہ ہوگئے۔ بجلی کے کھمبے اور درخت جڑ سے اکھڑ گئے۔ پانچ افراد جاں بحق اور پچاس سے زائد زخمی ہوگئے۔ اطلاع ملنے پر ریسکیو اور پاک فوج کے اہل کارمتاثرہ دیہات میں پہنچ گئے اور امدادی کارروائیاں شروع کردیں ۔علاقے میں طبی کیمپ لگایا اوربے گھرافراد کوخیموں میں منتقل کردیا گیا۔لوگوں کا کہنا ہے کہ آندھی اتنی تیز تھی کہ آنا فانا ان کاسب کچھ تباہ ہوگیا۔ جاں بحق افراد کی نماز جنازہ بہادر پور میں ادا کردی گئی ہے۔ جس میں وزیر اعلیٰ پنجاب کے معاون خصوصی منشا اللہ بٹ ، صوبائی وزیر ندیم کامران سمیت بڑی تعداد میں لوگ شریک ہوئے۔ وزیر اعلیٰ پنجاب کی جانب سے جاں بحق افراد کے اہل خانہ کو5، پانچ لاکھ اور زخمیوں کوپچاس، 50ہزارروپے کی امداد فراہم کردی گئی ہے۔