29 مئی 2011
وقت اشاعت: 5:59
ریمنڈ ڈیوس کیخلاف تمام درخواستوں پر تفصیلی فیصلہ جاری
جنگ نیوز -
لاہور…لاہور ہائی کورٹ نے امریکی شہری ریمنڈ ڈیوس کے خلاف دائرمختلف درخواستوں پر تفصیلی فیصلہ جاری کردیا ہے، چیف جسٹس اعجاز احمد چوہدری نے قراردیا ہے کہ ریمنڈڈیوس کے سفارتی استثنا کامعاملہ درخواستوں میں اٹھایاہی نہیں گیااس لئے عدالت اس بارے میں کوئی فیصلہ نہیں دے سکتی۔تفصیلی فیصلے میں کہا گیا ہے وزارت خارجہ کے پیش کردہ مواد اور استثنائسے متعلق ایڈووکیٹ جنرل پنجاب کے دلائل کوعدالت کی ہدایت یاآبرزوریشن تصورنہیں کیا جاسکتا۔پانچ صفحات پر مشتمل تفصیلی فیصلے میں عدالت نے ایڈووکیٹ جنرل پنجاب ،ڈپٹی اٹارنی جنرل پاکستان ،درخواست گزاروکلا اور وزارت خارجہ کے جواب کا تفصیلی حوالہ دیتے ہوئے لکھا ہے کہ عدالت کے روبرو جو شکایات اٹھائی گئی تھیں ان کی داد رسی ہوگئی ہے جبکہ بعض غیر ضروری تنازعات کوآئینی درخواستوں کاحصہ بنایاجاسکتاہے اورنہ ہی کوئی رٹ جاری کی جاسکتی ہے ۔ ملزم کے خلاف ٹرائل کورٹ میں چالان پیش کیا جاچکاہے اوروہی تمام معاملات دیکھے گی۔