29 مئی 2011
وقت اشاعت: 5:59
کراچی ،فائرنگ اور تشدد کے واقعات میں 6افراد جاں بحق،متعدد زخمی
جنگ نیوز -
کراچی…کراچی میں فائرنگ اور تشدد کے واقعات میں 6 افراد جاں بحق جبکہ2خواتین اور 2بچوں سمیت متعددافراد زخمی ہو گئے۔شہر میں پرتشدد واقعات کاسلسلہ جاری ہے۔ٹارگٹ کلنگ کے واقعات میں مسلح افراد نے سب سے زیادہ سیاسی جماعتوں سے وابستہ افراد کو نشانہ بنایا سب سے زیادہ متاثر ہونے والا علاقہ اورنگی ٹاون جہاں آج میٹرو سینما کے قریب موٹر سائیکل سوار مسلح ملزمان نے ہوٹل پر فائرنگ کردی پولیس کے مطابق فائرنگ کے نتیجے میں ایک شخص ہلاک جبکہ بچے سمیت 13 افراد زخمی ہوگئے۔قلندری چوک،کٹی پہاڑی،ہاکس بے ٹرک اڈہ، نارتھ کراچی اورپولیس ہیڈ کوارٹرزگارڈن کے قریب فائرنگ کے واقعات میں2خواتین اورایک بچے سمیت12افرادزخمی ہوگئے ۔جامع کلاتھ مارکیٹ کے قریب نامعلوم ملزمان کی فائرنگ سے 20سالہ نوجوان پرکاش ہلاک ہوگیا،مقتول سیاسی جماعت سے وابستہ تھا۔ریڑھی گوٹھ،قصبہ کالونی،نارتھ ناظم آباد اور پیرآباد میں فائرنگ کرکے4افرادکوقتل کردیاگیا۔متاثرہ علاقوں میں کاروبار زندگی مفلوج ہے،شہر میں پولیس اور رینجرز کی جانب سے اسنیپ چیکنگ کا سلسلہ جاری ہے،تاہم ملزمان اب تک قانون کی گرفت سے باہرہیں۔