29 مئی 2011
وقت اشاعت: 5:59
پاکستان سے ڈیل کرنا مشکل ہوگیا ہے،ایل کے ایڈوانی کا مراسلہ
جنگ نیوز -
واشنگٹن…بھارتیہ جنتا پارٹی کے لیڈر ایل کے ایڈوانی نے پیپلز پارٹی کے اقتدار میں آنے کے بعد کہا تھا کہ پاکستان سے ڈیل کرنا مشکل ہوگیا ہے ۔ یہ نہیں معلوم کہ اسلام آباد میں بااختیار کون ہے ، شہری حکومت ، فوج ، آئی ایس آئی یا کوئی اور ۔تیرہ مئی دو ہزار نو کو نئی دہلی سے امریکی سفارت خانے کے ناظم الامور Peter Burleigh نے واشنگٹن کو مراسلہ بھیجا جس میں امریکی ناظم الامور نے لال کرشنا ایڈوانی سے ملاقات کی تفصیل بتائی ۔ مراسلے کے مطابق ایل کے ایڈوانی کا کہنا تھا کہ مشرف دور حکومت یہ بات واضح تھی کہ آخری لفظ کس کا ہوگا لیکن موجودہ شہری حکومت آنے کے بعد مختلف پاور سینٹرز بن گئے ۔ ہمیں نہیں معلوم کہ کمان کس کے پاس ہے ۔ ایل کے ایڈوانی نے پاکستان میں طالبان کے بڑھتے ہوئے اثر و رسوخ پر بھی تشویش ظاہر کی ۔ پاک بھارت تعلقات میں اتار چڑھاؤ پر بات کرتے ہوئے بی جے پی کے سینئر لیڈر کا کہنا تھا کہ وہ اپنی زندگی کے پہلے بیس برس کراچی میں گزار چکے ہیں ۔ انھیں پاک بھارت تعلقات کے حوالے سے زیادہ سمجھ ہے ۔ ایل کے ایڈوانی کا کہنا تھا کہ کشمیر دو طرفہ تعلقات کے حوالے سے ایک اہم مسئلہ ہے لیکن انتہا ئی اہم نہیں کہ تمام تعلقات اسی کی وجہ سے لٹکے ہوئے ہیں ۔ انھوں نے پاک بھارت تعلقات معمول پر نہ آنے کی وجہ پاک فوج کی مداخلت کو قرار دیا ۔