29 مئی 2011
وقت اشاعت: 5:59
کوارٹرفائنل میںآ ج پاکستان کا میچ ویسٹ انڈیزسے ہوگا،قوم دعا گو
جنگ نیوز -
میچ کے دوران ملک بھر میں لوڈشیڈنگ نہ کرنے کی ہدایت
کراچی…ورلڈ کپ کرکٹ ٹورنامنٹ 2011کا پہلا کوارٹر فائنل آج 23 مارچ کو پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان میرپور ڈھاکہ میں کھیلا جارہا ہے۔ جیو سوپر شائقین کرکٹ اور اپنے ناظرین کے لیے ناک آؤٹ مرحلے کا پہلا معرکہ براہ راست دکھائے گا۔ میچ پاکستانی وقت کے مطابق دوپہر ڈیڑھ بجے شروع ہوگا۔دنیا بھر میں موجود پاکستانی قومی ٹیم کی کامیابی کیلئے دعا گو ہیں اور امید ہے کہ قومی ٹیم ”یوم پاکستان“ کے موقع پر ان کو ڈھاکہ سے جیت کا تحفہ بھیجے گی۔ دنیائے کرکٹ کے نامور آل راؤنڈر شاہد آفریدی کی قیادت میں ”گرین شرٹس“ نے راؤنڈ میچوں میں شاندار پرفارمنس دکھاتے ہوئے اپنے گروپ میں پہلی پوزیشن حاصل تھی۔ صرف نیوزی لینڈ کیخلاف قومی ٹیم کو شکست ہوئی لیکن کینیا، زمبابوے اور کینیڈا کے ساتھ سری لنکا اور دفاعی چیمپیئن آسٹریلیا کو ہرانے کے بعد آفریدی الیون کے حوصلے بلند ہیں اور وہ ”کالی آندھی “ کا زور توڑنے کے لیے پرعزم ہیں۔ ڈی جی پیپکو نے اعلان کیا ہے کہ آج پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان ورلڈ کپ کرکٹ کے پہلے کوارٹر فائنل میچ کے دوران ملک بھر میں لوڈشیڈنگ نہیں کی جائے گی۔ کوارٹر فائنل میچ کے دوران لوڈشیڈنگ نہ کرنے کا فیصلہ وفاقی وزیر پانی و بجلی سید نوید قمر کی ہدایت پر کیا گیا ہے۔انہوں نے کہا حکومت چاہتی ہے کہ کرکٹ شائقین بغیر تعطل کے میچ سے لطف اندوز ہو سکیں۔اس سلسلے میں تمام کمپنیوں کو ہدایت جاری کر دی گئی ہے۔