تازہ ترین سرخیاں
 تازہ ترین خبریں 
29 مئی 2011
وقت اشاعت: 5:59

قرارداد ِ لاہور کے مطابق تمام صوبوں کو مکمل خود مختاری دی جائے،الطاف حسین

جنگ نیوز -
لندن…متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین نے پاکستان سمیت دنیا بھر میں مقیم پاکستانیوں کو یوم پاکستان کی دلی مبارکباد پیش کی ہے اور کہا ہے کہ 23مارچ 1940 ء کی قرارداد ِ لاہور کی روح کے مطابق تمام صوبوں کو مکمل صوبائی خود مختاری دی جائے۔ یوم پاکستان کے موقع پر ایک بیان میں الطاف حسین نے کہاکہ پاکستان لازوال قربانیوں اور جدوجہد کے بعد حاصل ہواہے اور ملک کے موجودہ نازک ترین حالات بھر پور قومی یکجہتی اور اتحاد کا تقاضا کررہے ہیں ، یوم پاکستان کے موقع پر ہمیں قومی سلامتی و بقا ، جمہوریت کے فروغ ، ملکی استحکام ، اتحاد و اتفاق ، دہشت گردی کے خاتمے اور ایک دوسرے کے وجود کو برداشت کرنے کا عزم کرنا چاہئے ۔ انہوں نے کہاکہ اتحاد میں ہی برکت ہے اور قومی یکجہتی کو صوبائیت میں تقسیم کرنا قومی سلامتی کے خلاف ہے اوراس وقت ملک جن حالات سے گزر رہا ہے اس میں ایک قوم کے تصور کو اجاگر کرنے کی اشد ضرورت ہے۔ انہوں نے کہاکہ متحدہ قومی موومنٹ واحد جماعت ہے جس میں تمام قومیتوں اور مذاہب سے تعلق رکھنے والے افراد شامل ہیں اور اس کے پلیٹ فارم سے پاکستانی قوم کے تصور کو عملی طور پر اجاگر کیاجارہا ہے۔ الطا ف حسین نے کہاکہ ہمیں کامل یقین ہے کہ ایم کیوایم کی جدوجہد کامیابی سے ہمکنار ہوگی اور پاکستان میں حق پرستی کا سورج ضرور طلوع ہوگااور ملک بھر کے عوام کو23مارچ 1940ء کی قرار داد لاہور کے مطابق حقو ق میسر آئیں گے۔

متن لکھیں اور تلاش کریں
© sweb 2012 - All rights reserved.