29 مئی 2011
وقت اشاعت: 5:59
کراچی میں فائرنگ، سیاسی کارکن سمیت 7افراد ہلاک
جنگ نیوز -
کراچی...کراچی میں پر تشدد واقعات میں مزید7 افراد اپنی جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھے ،کئی روز سے جاری ٹارگٹ کلنگ کی روک تھام میں قانون نافذ کرنے والے ادارے بے بس نظر آتے دکھائی دیئے،سعود آباد کے علاقے میں ملیر ٹنکی کے قریب سے نامعلوم شخص کی لاش کو جناح اسپتال منتقل کیا گیا، جسے گولی مار کر قتل کیا گیا تھا مقتول کی شناخت 50 سالہ سعید ولی کے نام سے ہوئی ہے،جبکہ حسین آباد کے علاقے میں صدیق آباد کے قریب نامعلوم افراد کی فائرنگ سے 35 سالہ شہزاد عرف بھایا ہلاک ہوا، نیو کراچی لاسی گوٹھ کے علاقے میں فائرنگ سے 40 سالہ امام بخش ہلاک اور عاشق حسین زخمی ہوگیا، تھانہ سائٹ اے کی حدود میں مسافر بس پر فائرنگ سے26 سالہ راشد ہلاک ہوگیا، لاش کو پولیس کارروائی کے لئے عباسی شہید اسپتال منتقل کیا گیا ہے،رنچھوڑ لائن کے علاقے میں حنفیہ مسجد کے قریب نامعلوم ملزمان کی فائرنگ سے سیاسی جماعت سے وابستہ32 سالہ علی عبدالجبار ہلاک ہوگیا،گڈاپ کے علاقے نواز گوٹھ سے ایک شخص کی لاش برآمد ہوئی ہے،مقتول کو سینے اور سر میں دو گولیاں مار کر قتل کیا گیا ہے جبکہ لیاری کے علاقے کھڈا مارکیٹ میں نامعلوم مسلح ملزمان نے فائرنگ کر دی جس کے نتیجے میں سیاسی جماعت کا ایک کارکن جاں بحق ہو گیا۔