29 مئی 2011
وقت اشاعت: 5:59
قیام پاکستان عوام کی جہد مسلسل کا نتیجہ ہے،قائم علی شاہ
جنگ نیوز -
کراچی…سید منہاج الرب… وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ نے کہا ہے کہ دنیا کی بڑی اسلامی ریاست پاکستان کا قیام طویل جدوجہد اور عوام کے مسلسل کاوشوں کا نتیجہ ہے جوکہ برصغیر کے مسلمانوں نے قائداعظم محمد علی جناح کی ولولہ انگیز قیادت میں حاصل کیا۔یہ بات انھوں نے یوم پاکستان کے موقع پر مزار قائد اعظم کے احاطے میں اخباری نمائندوں اور الیکٹرانک میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہی۔ انھوں نے کہا کہ آج ہم یوم پاکستان منا رہے ہیں کیونکہ 1940میں لاہور میں قرارداد منظور کی گئی تھی اور اسی قرار داد کی روشنی میں برصغیر کے مسلمانوں نے طویل جدوجہد کی ۔انھوں نے کہا کہ یہ اسی قرارداد کی مندرجات اور روح تھی کہ آگے چل کر ایک الگ ملک پاکستان معرض وجود میں آیا۔ وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ اس جدوجہد میں برصغیر کی دوسری کمیونیٹیز اور اقلیتوں نے بھی بھرپور ساتھ دیا۔ انھوں نے کہا کہ 1940کی قرارد اد میں یہ تعین کیا گیا تھا کہ ہم الگ ملک بناکر تمام لوگوں کے بنیادی حقوق کا تحفظ کریں گے اور اسے یقینی بنائیں گے۔ سید قائم علی شاہ نے کہا کہ اسی قرارداد کی تشریح کوئی کسی طرح بھی کرے لیکن اسی قرارد اد کی روح پر 1973کاآئین ہمیں شہید ذوالفقار علی بھٹو نے دیا۔ اور اسی آئین کی تیاری میں ملک کی تمام جماعتوں نے مکمل تعاون کیا۔انھوں نے کہا کہ ملک کی پارلیمینٹ میں موجود تمام سیاسی جماعتوں نے آئین کی روح کے عین مطابق 18ویں اور 19ویں ترمیمات منظور کیں ۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ حالیہ معاملات میں متحدہ قومی موومنٹ اور پاکستان پیپلزپارٹی نے ملکر بات چیت کی اور ان مذاکرات کی روشنی میں دو دو وزراء پرمشتمل کمیٹی قائم کی گئی جو کہ کراچی میں امن و امان کے معاملات پر نظر رکھے ہوئے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ اسمبلی میں مختلف جماعتیں مختلف نظریات کی روشنی میں ملکر بات کرتے ہیں ۔ اس موقع پر گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد خان نے بھی صحافیوں سے گفتگو کی۔