29 مئی 2011
وقت اشاعت: 5:59
10اپریل کو مینارپاکستان پرسب سے بڑاجلسہ ہوگا،الطاف حسین
جنگ نیوز -
لاہور…متحدہ قومی موومنٹ کے قائدالطاف حسین نے کہاہے کہ عوامی انقلاب ہی پاکستان کوبچاسکتاہے اوریہ انقلاب 98فیصدغریب ومتوسط طبقہ کے سچے حق پرستوں کاانقلاب ہوگا۔ انہوں نے یہ بات لاہورمیں ایم کیوایم کے مرکزی دفترکی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ خطاب کی مزیدتفصیلات کے مطابق الطا ف حسین نے کہاکہ ہمیں گزشتہ دورحکومت میں پانچ سال آزادی سے عوام کی خدمت کرنے کاموقع ملا، ایم کیوایم سے تعلق رکھنے والے کراچی کے نوجوان سٹی ناظم مصطفےٰ کمال نے ترقیاتی منصوبوں کے ذریعے شہرکانقشہ بدل کررکھ دیاجس کااعتراف ہمارے سیاسی مخالفین بھی کرتے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ شہرکوترقی دینے پر مصطفےٰ کمال کودنیاکے تین بہترین میئرزمیں منتخب کیاگیا، مجھے اس پر اسلئے بہت خوشی ہوئی کہ مصطفےٰ کمال کے ساتھ پاکستان کانام آیا،جب پاکستان کی کرکٹ ٹیم بین الاقوامی میچوں میں فتح حاصل کرتی ہے تومجھے اس پرفخرہوتاہے کہ پاکستان کانام ہورہاہے۔انہوں نے کہاکہ مصطفےٰ کمال جیسے ہونہاراورباصلاحیت نوجوان پنجاب میں بھی بہت ہیں، ہم چاہتے ہیں پورے ملک میں اہل اورباصلاحیت نوجوانوں کوآگے لایاجائے کیونکہ ملک کی قسمت نوجوان ہی بدل سکتے ہیں۔ جناب الطا ف حسین نے پاکستان میں غربت وتنگدستی اورفاقہ کشی کاشکارغریب اورکچلے ہوئے عوام کی حالت زارپرانتہائی دلسوزاندازمیں روشنی ڈالی ۔گفتگوکرتے ہوئے الطاف حسین آبدیدہ ہوگئے اور اجتماع کے شرکاء بھی افسردہ ہوگئے۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں غریبوں کاحال یہ ہے کہ مسلسل تنگدستی اورفاقہ کشی سے تنگ آکرکہیں ماں اپنے بچوں کواپنے ہاتھوں سے مارکرخودکشی کررہی ہے توکہیں کوئی باپ اپنے بچوں کو اپنے ہاتھوں سے ذبح کرکے اپنے آپ کوہلاک کررہاہے۔انہوں نے دعاکی کہ اللہ تعالیٰ غریبوں کے حال پر رحم وکرم فرمائے اوران کی مدد فرمائے۔انہوں نے خواتین پر گھریلوتشددپرانتہائی افسوس کااظہارکرتے ہوئے کہاکہ مجھے یہ دیکھ کرانتہائی دکھ ہوتاہے کہ کہیں میری ماوٴں بہنوں کوغیرت اور کاروکاری کے نام پربیدردی سے قتل کردیاجاتاہے ، ان کے چہروں پرتیزاب پھینک کرانہیں جلادیاجاتاہے،کہیں انہیں کہیں معمولی جھگڑوں یاکسی اوروجہ سے انہیں زندہ جلادیا جاتاہے۔ انہوں نے نہایت دلگیرلہجہ میں سوال کیا کہ میری ماوٴں بہنوں کوجلانے والوں کی اپنی ماں بہن بیٹیاں نہیں ہیں؟انہوں نے ونی، وٹہ سٹہ اورکم عمر لڑکیوں کی بوڑھوں سے جبری شادیوں اورمختلف شعبوں میں خواتین کے ساتھ ہونیوالی زیادتیوں کی مذمت کرتے ہوئے نوجوانوں سے کہا کہ آپ عہدکریں کہ اپنے اپنے علاقوں میں ماوٴں بہنوں پرہونے والے تشددکوروکیں گے اوراگرکہیں سڑک پر کوئی انہیں تنگ کرے تواسے پکڑکرقانون کے حوالے کردیں گے۔ الطا ف حسین نے کہاکہ 10اپریل کولاہورمیں مینارپاکستان پرہونے والاایم کیوایم کاجلسہ عام انشاء اللہ پنجاب کی تاریخ کا سب سے بڑاجلسہ عام ہوگااوریہ جلسہ چوراچکوں اورلٹیروں کے تابوت میں آخری کیل ثابت ہوگا۔