تازہ ترین سرخیاں
 تازہ ترین خبریں 
29 مئی 2011
وقت اشاعت: 5:59

لیبیا پر مغربی ممالک کے فضائی حملے جاری،کئی افراد ہلاک

جنگ نیوز -
طرابلس ... لیبیا پر مغربی ممالک کے تازہ فضائی حملوں میں کئی افراد جاں بحق ہوگئے ،مصراتہ کے اسپتال پر فوج کی بم باری سے متعدد افراد زخمی ہوگئے،نیٹو کے ارکان لیبیا کے فوجی آپریشن کی کمان سنبھالنے پر متفق نہیں ہو سکے،امریکی ایوان نمائندگان کے اسپیکر نے اقوام متحدہ کی قرارداد پر عمل درآمد کے لیے امریکی وسائل استعمال کرنے پر اعتراض کیا ہے ۔لیبیا کی سرکاری خبر ایجنسی کے مطابق مغربی افواج نے بدھ کی شام دارالحکومت طرابلس کے جنوب مغربی اور مشرقی علاقوں میں فوجی اہداف کے علاوہ آبادی پر بھی حملے کیے، ایجنسی نے بتایا کہ تاجورہ کے علاقے میں تین فضائی حملے کیے گئے،تازہ حملوں میں کئی شہریوں کے جاں بحق ہونے کی اطلاعات ملی ہیں۔ اس سے پہلے مصراتہ شہر کے ایک اسپتال پر قذافی کی فورسز کی بم باری اور گولہ باری سے متعدد افراد زخمی ہوگئے۔امریکی فوج نے بتایا ہے کہ ساحلی علاقوں میں نو فلائی زون کا قیام کامیابی سے کرلیا گیا ہے اور قذافی کی حامی فوج پر حملے کیے جا رہے ہیں۔اطلاعات کے مطابق تازہ حملوں کے بعد مغربی ساحلی علاقوں سے لیبیا کی فوج واپس چلی گئی اور ٹینک بھی پیچھے بلالیے گئے ہیں۔برسلز میں ہونے والے نیٹو ممالک کے اجلاس میں رکن ممالک لیبیا آپریشن میں کمان کے بارے میں کسی نتیجے پر نہیں پہنچ سکے۔اجلاس میں اس بات پر غور کیا گیا کہ نیٹو کو لیبیا کے نو فلائی زون میں شامل ہونا بھی چاہیے یا نہیں ،فرانس نے اس موقف پر اصرار کیا کہ نو فلائی زون کا کنٹرول ایک بین الاقوامی اتحاد کے ہاتھ میں ہونی چاہیے۔امریکی ایوان نمائندگان کے اسپیکر جان بوہنر نے صدر بارک اوباما کے نام ایک خط میں کہا ہے کہ امریکی مفادات اور واضح پالیسی کے برعکس سلامتی کونسل کی قرارداد میں لیبیا کے خلاف طاقت کے استعمال کا اختیار تو دیا گیا لیکن وہاں حکومت کی تبدیلی کی بات نہیں کی گئی ہے۔اسپیکر کا کہنا تھا کہ لیبیا کے بارے میں مشن کے مقاصد واضح نہیں ہیں ،انھوں نے استفسار کیا کہ موجودہ حکمت عملی امریکا کی مشرق وسطیٰ سے متعلق پالیسی سے مطابقت بھی رکھتی ہے یا نہیں۔ اسپیکر نے صدر سے کہا کہ وہ لیبیا کے بارے میں اپنی حکمت عملی واضح کریں اور یہ بھی بتائیں کہ کیا معمر قذافی کو اقتدار میں رہنے کی اجازت دی جا سکتی ہے یا نہیں۔

متن لکھیں اور تلاش کریں
© sweb 2012 - All rights reserved.