29 مئی 2011
وقت اشاعت: 5:59
سرکاری ملازمین کی کنٹریکٹ بھرتیوں پر پابندی کی سفارش
جنگ نیوز -
اسلام آباد…سینیٹ قائمہ کمیٹی اسٹیبلیشمنٹ نے حکومت کو سفارش کی ہے کہ ریٹائرمنٹ کے بعد سرکاری ملازمین کی کنٹریکٹ بھرتیوں پر پابندی لگائی جائے ۔ کمیٹی کو بتایا گیا ہے کہ30 مارچ کو مزید پانچ وفاقی وزارتیں صوبوں کو منتقل کر دی جائیں گی جس سے27 ہزار ملازمین متاثر ہوں گے۔کمیٹی کا اجلاس سینیٹر شاہد بگٹی کی زیر صدارت اسلام آباد میں ہوا ۔ کمیٹی نے کنٹریکٹ بھرتیوں کا نوٹس لیتے ہوئے حکومت کو تجویز دی ہے کہ ریٹائرمنٹ کے بعد سرکاری ملازمین کو کنٹریکٹ پر بھرتیوں کے قواعد و ضوابط کا ازسر نو جائزہ لیا جائے ، کنٹریکٹ پر ایسی بھرتیاں کرنے سے ریگولر ملازمین کی حق تلفی اور حوصلہ شکنی ہو تی ہے۔ سیکریٹری اسٹیبلشمنٹ چوہدری روؤف نے کمیٹی کو بتایا کہ2009 میں گریڈ بیس اور اس سے اوپر کے عہدوں کیلئے اکتیس افسران کوکنٹریکٹ پر رکھا گیا جب کہ2010 میں صرف نو افسران کنٹریکٹ پر بھرتی کیے گئے ۔ سیکریٹری اسٹیبلیشمنٹ نے قائمہ کمیٹی کو بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ پہلے مرحلے میں منتقل کی جانے والی وزارتوں میں سے491 ملازمین کی خدمات صوبوں کے حوالے کی جا چکی ہیں ۔