29 مئی 2011
وقت اشاعت: 5:59
ابلیسی قوتیں قرآن کا کچھ نہیں بگاڑ سکتیں،علامہ موسوی
جنگ نیوز -
راولپنڈی…قائدملتِ جعفریہ آغاسیدحامدعلی شاہ موسوی نے کہاہے کہ حرمتِ قرآن کی پاسداری کیلئے مسلم حکمرانوں اورعالمی اسلامی تنظیموں کوخوابِ غفلت سے بیدارہوکرعالمی استعمارکے بجائے ذات پروردگارکے سامنے سجدہ ریزہ ہوناہوگا۔یہ بات انہوں نے فلوریڈاکے ملعون پادری کے ہاتھوں قرآن پاک کی بے حرمتی کی ناپاک جسارت کے خلاف ” یوم حرمت ِقرآن“ کے موقع پر اپنے خصوصی پیغام میں کہی جوجمعہ کو ایمانی جذبے کے ساتھ منایاگیا۔ انہوں نے اس موقع پر کہا کہ ایک ملعون امریکی پادری توکیاپوری دنیاکے ابلیسی چیلے بھی قرآن کریم کاکچھ نہیں بگاڑسکتے ، آغازِرسالت سے لیکرآج تک اورتاابدآلاباد باطل قوتیں اپناپورازورلگالیں اسلام کو ہی غالب آناہے۔ آغا سید حامد علی شاہ موسوی نے کہا کہ اگر امریکی صدر اوبامہ میں ذرا بھی غیرت ہے تو وہ توہینِ قرآن کا نوٹس لیں ورنہ مستعفی ہو جائیں۔انہوں نے کہا کہ اب بھی وقت ہے مسلم حکمران استعمار کے بجائے خدائے لم یزل کے مطیع و تابعدار بنیں کیونکہ زندہ قومیں اپنے ہیروز اور آثار کی حفاظت کرتی ہیں اوران کی حرمت پر مر مٹتی ہیں۔