29 مئی 2011
وقت اشاعت: 5:59
ملنگوں کے انقلاب کو روکا تو سلطان راہی جیسا کردار ادا کرینگے، فاروق ستار
جنگ نیوز -
فیصل آباد…متحدہ قومی موومنٹ کی رابطہ کمیٹی کے ڈپٹی کنوینر ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا ہے کہ پنجاب میں قلندروں اور ملنگوں کے انقلاب کو روکا گیا تو سلطان راہی اور مصطفی قریشی جیسا کردار ادا کریں گے ، قائد تحریک الطاف حسین ملک میں جس غریب و متوسط طبقے کے انقلاب کی بات کررہے ہیں اس سے ملک کی صورتحال میں بہتری آئے گی اور تمام شہریوں کو مساوی حقو ق میسر آئیں گے ۔ ان خیالات کااظہار انہوں نے پیر جمن شاہ بخاری آف تاندلیانوالہ کے عرس کے موقع پر منعقدہ تقسیم انعامات کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ اس موقع پر ایم کیوایم کی رابطہ کمیٹی کے ارکان واسع جلیل ، افتخار اکبر رندھاوا ، ایم کیوایم لاہور زون کے زونل انچارج سید شاہین انور گیلانی اور فیصل آباد زون کے زونل انچارج منور حفیظ بھی موجود تھے ۔ تقریب میں ایم کیوایم کے رہنماؤں کی شرکت کا گھوڑوں کے رقص پیش کرکے اور زبردست گل پاشی کرکے شاندار استقبال کیا گیا اس موقع پر کارکنان نے الطاف حسین اور ایم کیوایم کے حق میں فلک شگاف نعرے لگائے اور ڈھول کی تھاپ پر بھنگڑے بھی ڈالے ۔ ڈاکٹر فاروق ستار نے تقریب کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ کوئی آسمان سے اتر کرہماری رہنمائی نہیں کرے گا ہمیں خود اپنی قسمت کو بدلنا ہوگا اور متحد ہوکر ملک کی ترقی و خوشحالی کیلئے کام کرنا ہوگا ۔ انہوں نے کہاکہ اب ملک میں تبدیلی کی ہوا چل پری ہے اور اگر بیلٹ کے ذریعے پرامن انقلاب کا راستہ روکا گیا تو پھر اسلام آباد جانے سے کوئی نہیں روک سکتا ۔ انہوں نے کہاکہ ایم کیوایم ، قائد تحریک الطاف حسین کے فکر و فلسفہ اورنظریئے پر عمل کرتے ہوئے پنجاب میں مفاہمتی سیاست کے کلچر کو فروغ دے گی۔ انہوں نے کہاکہ صوبہ پنجاب کے دورے شروع کردیئے گئے ہیں اور موروثی سیاست کا خاتمہ کرکے دم لیں گے ۔ بعدازاں ڈاکٹر فاروق ستار نے تقریب میں فتح حاصل کرنے والے کھلاڑیوں میں انعامات بھی تقسیم کئے ۔