29 مئی 2011
وقت اشاعت: 5:59
ڈسپلن کی خلاف ورزی پر ویٹوری سمیت 3کھلاڑیوں پر جرمانے
جنگ نیوز -
ڈھاکا . . . . . نیوزی لینڈ کی ٹیم نے ورلڈ کپ کے سیمی فائنل میں جگہ تو بنالی لیکن جنوبی افریقا کیخلاف میچ میں جذبات پر قابو نہ پانے اور دوران کھیل ڈسپلن توڑنے پر آئی سی سی نے کیوی کپتان ڈینیل ویٹوری سمیت3کھلاڑیوں پر جرمانہ عائد کردیا۔ میرپور ڈھاکا میں کھیلے گئے تیسرے کوارٹر فائنل کے دوران میچ میں اس وقت بدمزگی پیدا ہوگئی تھی جب دونوں ٹیموں کے کھلاڑیوں کے درمیان سخت جملوں کا تبادلہ ہوا ، ماحول کی گرما گرمی تو امپائرز اور اے بی ڈی ویلیئرز کی دخل اندازی سے ختم ہوگئی لیکن آئی سی سی نے اس واقعہ کا سخت نوٹس لیتے ہوتے ہوئے کیوی کپتان ڈینیل ویٹوری پر میچ فیس کا50 فیصد ، فاسٹ بولر کائل ملز پر60جبکہ جنوبی افریقی بیٹسمین فرینکوئس ڈو پلیسی پر میچ فیس کا50 فیصد جرمانہ عائد کردیا ہے۔ کھیل کی اسپرٹ کیخلاف جانے پر ڈینیل ویٹوری پر اضافی40 فیصد جرمانہ بھی کیا گیا ہے ۔دوسری جانب کیوی بالر کائل ملز انجری کی وجہ سے میگا ایونٹ سے باہر ہوگئے ہیں ،ان کی جگہ اینڈی مک کے نے لی ہے،آئی سی سی نے ٹیم میں ان کی شمولیت کی تصدیق کردی ہے ۔