29 مئی 2011
وقت اشاعت: 5:59
عدالتیں آزادانہ بلاامتیاز انصاف فراہم کر رہی ہیں ،چیف جسٹس
جنگ نیوز -
اسلام آباد…چیف جسٹس آف پاکستان افتخار محمد چودھری نے کہا ہے کہ نظام عدل کو کوئی خطرہ نہیں اور عدالتیں آزادانہ بلا امتیازانصاف فراہم کر رہی ہیں ۔ یہ بات انھوں نے اسلام آباد میں نیشنل جوڈیشل پالیسی ساز کمیٹی کے اجلاس کے دوران خطاب کرتے ہوئے کہی ۔چیف جسٹس نے کہا انصاف کے نظام میں بہتری اور عوام کو ان کے دروازوں تک انصاف کی فراہمی کیلئے کوشش کررہے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ عوام کا عدالتی نظام پر اعتماد میں روز بروز اضافہ ہورہا ہے۔انھوں نے کہا کہ نظام عدل میں کرپشن کا جائزہ لے رہے ہیں ۔انہوں نے کہا کے ایک محتاط اندازے کے مطابق عام عوام کے97 فیصد کیسز ماتحت عدلیہ کے پاس آتے ہیں جبکہ اعلیٰ عدلیہ کے پاس تین سے4 فیصد مقدمات آتے ہیں۔چیف جسٹس نے اپنے خطاب میں کہا کہ اعلیٰ عدلیہ میں ججز کی کمی کا احساس ہے جو مقدمات کے التوا کا باعث بن جاتی ہیں۔سپریم کورٹ کی عمارت میں چیف جسٹس افتخار محمد چودھری کی زیر صدارت ہونیوالے اس جوڈیشل پالیسی سازی کمیٹی کے اجلاس میں اسلام آباد ہائی کورٹ اور صوبائی ہائی کورٹس کے چیف جسٹسز، سیکریٹری لا اینڈ جسٹس کمیشن اوررجسٹرار سپریم کورٹ شریک تھے ۔ ذرائع کے مطابق وفاقی شریعت عدالت کے چیف جسٹس ذاتی مصروفیات کے باعث اجلاس میں شرکت نہ کر سکے۔