29 مئی 2011
وقت اشاعت: 5:59
ٹیکسٹائل سائزنگ انڈسٹری کی ہڑتال آٹھویں روز بھی جاری
جنگ نیوز -
فیصل آباد…ٹیکسٹائل سائزنگ انڈسٹری کی ہڑتال آٹھویں روز بھی جاری ہے۔سیلز ٹیکس سے مستثنیٰ قرار دیئے جانے کا نوٹی فکیشن جاری ہونے تک کارخانے بند رکھنے کی دھمکی دی گئی ہے۔ خام مال نہ ملنے سے لاکھوں پاور لومز بھی بند پڑی ہیں۔حکومت کی جانب سے17فیصد سیلز ٹیکس واپس لیتے ہوئے نان رجسٹڑڈ شعبے پر چار سے چھ فیصد سیلزٹیکس نافذ کیے جانے کے فیصلے کے باوجود بھی سائزنگ انڈسٹری کی ہڑتال جاری ہے۔ ٹیکسٹائل سائزنگ انڈسٹری کے چیئرمین شکیل انصاری کے مطابق ابھی تک ان پر واضح نہیں کیا گیا ہے کہ سائزنگ انڈسٹری کو سیلز ٹیکس کی چھوٹ دے دی گئی ہے اس لئے جب تک سائزنگ انڈسٹری پر سیلز ٹیکس کی چھوٹ کا ایس ار او نوٹی فکیشن موصول نہیں ہوتا ہڑتال جاری رکھی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ زبانی وعدوں کی کوئی اہمیت نہیں ہے اس لیے ہڑتال ختم کروانے کیلئے فوری نوٹیفکیشن جاری کیا جائے دوسری طرف خام مال نہ ملنے کے باعث لاکھوں پاور لومز بھی بند پڑی ہیں جس سے روزانہ اجرت پر کام کرنیوالے مزدروں کو پریشانی کا سامنا ہے۔