29 مئی 2011
وقت اشاعت: 5:59
ججز مقدمات کا فیصلہ کرتے ہوئے کوئی سمجھوتہ نہ کریں،چیف جسٹس
جنگ نیوز -
اسلام آباد…چیف جسٹس افتخار محمد چوہدری کی زیر صدارت نیشنل جوڈیشل پالیسی میکنگ کمیٹی کا اجلاس سپریم کورٹ میں ہوا، جس میں قومی عدالتی پالیسی، 2009، کے نفاذ کے بعد عدلیہ کی کارکردگی کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں مقدمات جلد نمٹانے سے متعلق اعلیٰ اور ماتحت عدالتوں کی کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کیا گیا۔عدالتی پالیسی کے نفاذ کے بعد سپریم کورٹ، فیڈرل شریعت کورٹ، تمام ہائی کورٹس اور ڈسٹرکٹ کورٹس نے مجموعی طور پر49لاکھ،65ہزار731مقدمات پر فیصلے دیئے ، اس موقع پر چیف جسٹس افتخار محمد چوہدری نے کہا کہ ججز مقدمات کا فیصلہ کرتے ہوئے کوئی سمجھوتہ نہ کریں ، کمیٹی نے عدالتی عملے کی طرف سے کرپشن کی شکایات کا بھی نوٹس لیا اور جیلوں کی حالت زار پرسخت تشویش ظاہر کی۔