29 مئی 2011
وقت اشاعت: 5:59
ایم کیو ایم کے تحفظات دور کر دیئے،رحمان ملک
جنگ نیوز -
کراچی…وفاقی وزیر داخلہ رحمان ملک نے کہا ہے کہ پیپلز امن کمیٹی پر پابندی لگائی جاچکی ہے اور دہشت گردوں کے خلاف کارروائی جاری ہے۔ ایم کیو ایم کے کوئی تحفظات ایسے نہیں جو ہم نے پورے نہیں کئے۔یہ بات انہوں نے کراچی آمد کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ رحمان ملک کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی سمیت دیگر سیاسی جماعتیں مینار پاکستان پر جلسہ کرسکتی ہیں تو ایم کیو ایم کیوں نہیں کرسکتی۔ انہوں نے کہا کہ چاروں صوبائی آئی جیز اور انتظامی سربراہان کو ہدایت کرتا ہوں کہ وہ ایم کیو ایم کو سیاسی سرگرمیوں کے لئے سہولت فراہم کرے۔ رحمان ملک نے کہا کہ امریکی پادری ٹیری جونز القاعدہ اور طالبان کا ایجنٹ ہے امریکا کو چاہیے کہ ہمارے احساسات کا خیال کرے۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے گمشدہ افراد کا مسئلہ حل ہورہا ہے حکومت بلوچستان کے لوگوں کا خیال رکھنا چاہتی ہے۔