29 مئی 2011
وقت اشاعت: 5:59
راھول گاندھی کے بیانات درد سر بن گئے ، وکی لیکس
جنگ نیوز -
واشنگٹن…بھارت میں حکمراں جماعت کانگریس کے جنرل سیکریٹری راھول گاندھی کے بے ُتکے بیانات ، اُن کی اپنی ہی پارٹی کیلئے درد سر بن گئی ۔ وکی لیکس نے خفیہ مراسلے سے انکشاف کیا ہے کہ کانگریس کے کرتا دھرتا راہول گاندھی کو کسی طور وزیر اعظم کے قابل نہیں سمجھتے ۔ وہ اپنی تقاریر میں یہ بھی کہہ چکے ہیں کہ پاکستان کو تقسیم کرانے میں گاندھی خاندان کا ہاتھ تھا ۔بھارتی اخبار دا ہندو نے وکی لیکس کا خفیہ مراسلہ شائع کیا ہے۔ امریکی ناظم الامور جیفرے پیاٹ نے تیئس اپریل دو ہزار سات کو واشنگٹن مراسلہ بھیجا جس میں گاندھی خاندان سے قریبی تعلق رکھنے والوں کی راہول کے بارے میں شکایات درج تھیں ۔ یہ واقف کار کہتے ہیں کہ راہول گاندھی ان صلاحیتوں سے محروم ہیں جو انہیں وزیر اعظم بناسکیں۔ اسی لئے اب کانگریس کی امیدیں سونیا گاندھی کی بیٹی پریانکا سے وابستہ ہیں ۔ یہ لوگ پریانکا کے سیاست میں قدم رکھنے کے انتظار میں ہیں۔ مراسلے کے مطابق راہول گاندھی نے دو ہزار سات میں یو پی کی انتخابی مہم کے دوران عوامی سطح پرایسی تقاریر کی تھیں جو کسی بھی طرح سیاسی کیریئر شروع کرنے کے لئے مناسب نہیں تھیں ۔ واقف کاروں کا کہناہے کہ راہول گاندھی مغرور انسان ہیں جو کسی سے رہنمائی لینا پسند نہیں کرتے اسی لئے ان کا کوئی قریبی دوست ہے نہ مشیر۔انہوں نے اپنے بیان پر ہونے والی تنقیدپر بھی کان نہیں دھرے تھے۔