29 مئی 2011
وقت اشاعت: 5:59
ڈیرہ غازی خان:این اے 172میں کل ضمنی الیکشن،30پولنگ اسٹیشن حساس
جنگ نیوز -
ڈیرہ غازی خان…ڈیرہ غازی خان کے حلقہ این اے172 میں ضمنی انتخاب کل ہورہا ہے جہاں30 پولنگ اسٹیشنز کو حساس ترین اور72 کو حساس قرار دیاگیا ہے ۔ ڈیرہ غازی خان کے حلقہ این اے172 میں ضمنی انتخاب کیلئے کل29 مارچ کو پولنگ ہوگی جہاں3 لاکھ97 ہزار159 ووٹرز اپنا حق رائے دہی استعمال کرینگے۔ 260 پولنگ اسٹیشنز میں30حساس ترین اور72حساس قراردیئے گئے ہیں اور 18 سو پولیس اہلکار تعینات ہوں گے۔ قومی اسمبلی کی یہ نشست سابق صدرسردار فاروق احمد خان لغاری کے انتقال کے باعث خالی ہوئی تھی، کل ہونیوالے ضمنی انتخاب میں کل18امیدوار میدان میں ہیں تاہم اصل مقابلہ پیپلز پارٹی کے امیدوار شبیر لغاری ، مسلم لیگ ق کے اویس لغاری اور مسلم لیگ ن کے حافظ عبدالکریم کے درمیان متوقع ہے ۔حلقہ کے دور دراز کے پولنگ اسٹیشنز کا عملہ آج شام بیلٹ بکس اور بیلٹ پیپرز لیکر روانہ ہوگا۔