29 مئی 2011
وقت اشاعت: 5:59
قذافی کے آبائی علاقہ زوردار دھماکوں سے گونج اٹھا
جنگ نیوز -
طرابلس … لیبیانے نیٹو کی جانب سے فوجی آپریشن کی قیادت کو غیر اخلاقی اورغیر قانونی کہا ہے۔ترجمان کے مطابق فضائی حملوں میں شہریوں سے بھری بس کو بھی نشانہ بنایا گیا جس میں ستائیس افرادزخمی گئے۔دوسری جانب کرنل قذافی کا آبائی علاقہ سرت پیر کی صبح زور دار دھماکوں سے لرز اٹھااور امریکی صدر براک اوباما لیبیا کی صورتحال پر پیر کے روز امریکی عوام سے خطاب کریں گے۔ غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق قذافی کا آبائی گڑھ سرت نو زور دار دھماکوں سے گونج اٹھا جس کے بعد علاقے میں سناٹا چھاگیا۔قذافی کی حامی افواج کا دعوی ہے کہ سرت میں ہونے والے دھماکے اتحادی افواج کی جانب سے کئے گئے فضائی حملے تھے۔سرت سے بے شمار خاندانوں نے نقل مکانی بھی شروع کردی ہے۔ غیر ملکی صحافیوں کوحکومت کی جانب سے سرت کا دورہ کرنے کی دعوت بھی دی گئی۔دوسری جانب قذافی کے مخالفین اپنے اگلے نشانے، دارالحکومت طرابلس کی طرف بڑھ رہے ہیں۔کشیدگی کی وجہ سے لیبیا میں کھانے پینے کی اشیا اور پٹرول کی قلت نے شہریوں کو پریشان کردیاہے۔کچھ لوگ ان حالات کی ذمہ داری اتحادی افواج پرڈال رہے ہیں۔ امریکی صدر باراک اوباما ، لیبیامیں جاری آپریشن کے بارے میں اپنی قوم کو اعتماد میں لینے کے لئے پیر کو خطاب کریں گے۔