29 مئی 2011
وقت اشاعت: 5:59
فہیم، فیضان کے ورثاء کے بارے میں علم نہیں، پنجاب حکومت کا جواب
جنگ نیوز -
لاہور…پنجاب حکومت نے امریکی شہری ریمنڈ ڈیوس کے ہاتھوں قتل ہونیوالے فیضان اور فہیم کے ورثا کے بارے میں لاعلمی کا اظہار کر دیا۔ صوبائی حکومت نے لاہور ہائی کورٹ سے استدعا کی کہ ورثا کے بارے میں وفاقی حکومت سے جواب طلب کریں۔لاہور ہائیکورٹ میں مقتولین فہیم اور فیضان کے ورثا کی بازیابی کیلئے دائر درخواست کی سماعت ہوئی۔ عدالت نے ڈپٹی اٹارنی جنرل کو یکم اپریل تک نوٹس جاری کر دیا اور انہیں حکم دیا کہ آئندہ سماعت پر سیکرٹری داخلہ سے ہدایات لیکر عدالت کو آگاہ کیا جائے۔ عدالت نے فیضان اور فہیم کے ورثا کی راولپنڈی میں موجودگی کا بیان دینے پر صوبائی وزیر قانون سے بھی جواب طلب کر لیا۔ سماعت کے دوران اسسٹنٹ ایڈووکیٹ جنرل پنجاب نے عدالت کو بتایا کہ ریمنڈڈیوس اور مقتولین کے ورثا کے درمیان سمجھوتہ وفاقی حکومت نے کروایا تھا۔ وفاقی حکومت ہی بتا سکتی ہے کہ ورثا باہر گئے یا نہیں۔ سرکاری وکیل نے بتایا کہ ریمنڈ کا پاسپورٹ صوبائی حکومت کے پاس ہے۔ یہ وفاقی حکومت ہی بتا سکتی ہے کہ وہ ملک سے باہر کیسے گیا۔