29 مئی 2011
وقت اشاعت: 5:59
کراچی میں آج رات سے جرائم پیشہ افراد کیخلاف آپریشن ہوگا، رحمان ملک
جنگ نیوز -
کراچی . . . . . وفاقی وزیر داخلہ رحمان ملک نے اعلان کیا ہے کہ کراچی میں آج رات سے جرائم پیشہ افراد کے خلاف ٹارگٹڈ کارروائیوں کاآغاز کر دیاجائے گا۔ انہوں نے اعتراف کیا کہ10مارچ سے اب تک کراچی میں154افراد ہلا ک ہوئے ہیں جن میں ٹارگٹ کلنگ میں ہونے والی ہلاکتیں صرف43ہیں۔وزیراعلی ہاؤس کراچی میں چاررکنی وزارتی کمیٹی سے ملاقات اور امن وامان سے متعلق اجلاس میں شرکت کے بعد وزیر اعلی سندھ سید قائم علی شاہ کے ساتھ مشترکہ پریس کانفرنس میں رحمان ملک نے کہا کہ ٹارگٹڈ کارروائیاں بلا امتیاز کی جائیں گی،قانون نافذ کرنے والے اداروں نے11 ٹارگٹ کلرز کو گرفتار کیا ہے، یہ تمام افرادکسی نہ کسی پارٹی کا نام استعمال کر رہے تھے۔انہوں نے سیاسی جماعتوں سے اپیل کی کہ وہ اپنی جماعتوں سے جرائم پیشہ افراد کونکال باہر کریں۔رحمان ملک نے بتایاکہ پیپلزامن کمیٹی میں کچھ جرائم پیشہ افراد ہیں، جن کے خلاف کارروائیاں ہوئیں ہیں اور مزید بھی ہوں گی،ایک سوال کے جواب میں وفاقی وزیرداخلہ کا کہنا تھا کہ خود کش حملوں اور ٹارگٹ کلنگ کے واقعات میں کوئی مماثلت نہیں،گزشتہ تین سال میں خود کش حملوں میں کمی آئی ہے،بیت اللہ محسود اور قاری عثمان بھی نشانہ بنے ہیں ۔