29 مئی 2011
وقت اشاعت: 5:59
قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے پانی و بجلی کااجلاس
جنگ نیوز -
اسلام آباد . . . . . وزارت پٹرولیم نے بلوچستان میں امن و امان کی صورت حال کو تیل اورگیس کی تلاش میں سب سے بڑی رکاوٹ قرار دیاہے، جبکہ رکن قومی اسمبلی عابدشیرعلی کاکہناہے کہ بلوچستان میں حکومت کی عمل داری نہیں۔ رکن قومی اسمبلی عابدشیرعلی نے یہ بات قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے پانی وبجلی کے اجلاس میں کہی ، جواسلام آبادمیں سیدغلام مصطفٰی شاہ کی صدارت میں ہوا،عابد شیر علی کاکہناتھاکہ ایران اور دوسرے ملکوں سے گیس کی بھیک مانگی جارہی ہے، مقامی وسائل کیوں استعمال نہیں کئے جاتے، جس پرایڈیشنل سیکرٹری وزارت پٹرولیم نے بتایاکہ مسئلہ سرمایہ کاری نہیں سیکیورٹی کاہے۔ عابدشیرعلی نے کہاکہ اس معاملے پروزیرداخلہ کواگلے اجلاس میں طلب کرکے وضاحت لی جائے۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ بجلی چوری کی روک تھام کے لئے پیپکواپناپولیس سٹیشن بنائے گی۔ اجلاس میں پرائیویٹ پاوراینڈانفراسٹرکچربل دوہزاردس پیش کیاگیا، کمیٹی ارکان نے بل کی مشروط منظوری دیتے ہوئے کہاکہ بل کی توثیق مشترکہ مفادات کونسل سے بھی کرائی جائے۔