29 مئی 2011
وقت اشاعت: 5:59
ڈاکٹر نبی بخش بلوچ کی تدفین آئی آئی قاضی کے مزار کے ساتھ ہوگی
جنگ نیوز -
حیدرآباد…معروف محقق اور ادیب ڈاکٹر نبی بخش بلوچ دل کا دورہ پڑنے سے حیدرآباد میں انتقال کر گئے ۔ان کی وصیت کے مطابق ان کی تدفین آئی آئی قاضی کے مزارکے ساتھ ہوگی۔ڈاکٹرنبی کی نماز جنازہ سندھی مسلم سوسائیٹی ان گھر کے قریب مسجد میں ادا کی جائے گی ۔نبی بخش بلوچ 16 دسمبر 1917 کو ضلع سانگھڑ کے تعلقہ سنجھورو کے گاؤں جعفرخان لغاری میں پیدا ہوئے، انھوں نے ابتدائی تعلیم اپنے آبائی علاقے میں حاصل کی۔ بی اے جونا گڑھ کالج ۔۔ممبئی یونیورسٹی سے فرسٹ کلاس میں ایم اے عربی اورعلی گڑھ مسلم یونیورسٹی سے ایم ایل بی کی ڈگری لی۔ ڈاکٹرنبی بخش بلوچ نے کولمبیا یونیورسٹی سے ڈاکٹریٹ کی ڈگری حاصل کی۔انھیں تحقیقی کاموں کے باعث ہلال امتیاز سے نوازا گیا ۔انھوں نے شاہ جو رسالو پر تحقیق کے علاوہ مختلف زبانوں میں کئی کتب بھی لکھیں، سندھی لغت کی ترتیب ان کابڑاکارنامہ ہے۔ ڈاکٹر نبی بخش بلوچ سندھ یونیورسٹی میں وائس چانسلراور سندھی لینگویج اتھارٹی کے چیئرمین سمیت دیگر اعلیٰ عہدوں پر فائزرہے۔ ڈاکٹرنبی بخش بلوچ کو گزشتہ رات دل کا دورہ پڑنے کے باعث لطیف آباد حیدرآباد کے ایک مقامی اسپتال میں داخل کرایا گیا جہاں وہ جانبر نہ ہوسکے اور94 ویں برس کی عمر میں خالق حقیقی سے جاملے۔انکی نماز جنازہ سندھی مسلم سوسائیٹی ان گھر کے قریب مسجد میں ادا کی جائے گی اور ان کی وصیت کے مطابق ان کی تدفین جامشورو یونی ورسٹی میں علاقمہ آئی آئی قاضی کے مزار کے ساتھ آج شام 5 بجے ہوگی۔مرحوم نے سوگواران میں 5 بیتے اور تین بیٹیاں سو گوار چھوڑی ہیں۔ مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد کی جا نب سے ان کے انتقال پر افسوس کا سلسلہ جاری ہے۔