30 جون 2011
وقت اشاعت: 8:40
عدالتوں میں ٹیکس کیسز کا التواء،131ارب روپے پھنس گئے
جنگ نیوز -
کراچی…ایف بی آر کا کہنا ہے کہ ٹیکس کیسز کے التوا سے قومی خزانے کو ایک سو اکتیس ارب روپے کے نقصان کا سامنا ہے۔اور ایف بی آر نے فیصلہ کیا ہے کہ ان مقدمات کو جلد نمٹانے کیلیے اعلیٰ عدالتوں کے چیف جسٹس سیدرخواست کی جائے گی۔ ایف بی آر کے ممبر انلینڈ ریونیو سروس خاور خورشید بٹ نے جیو نیوز سے گفتگو میں بتایا کہ جو ٹیکس ڈیفالٹرز آج اپنے بقایا جات ادارے کو جمع نہیں کرائیں گے ان کے خلاف سخت کاروائی کی جائے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ ایف بی آر کی جانب سے جاری کی گئی ایمنسٹی اسکیم کا آج آخری دن ہے اور یکم جولائی سے ایسے تمام افراد کے خلاف خصوصی مہم چلائی جائے گی جو اپنے ٹیکس جمع نہیں کراتے۔ خاور خورشید بٹ نے بتایا کہ رواں مالی سال کے 1588 ارب روپے کے ٹیکس ہدف کے مقابلے میں ایف بی آر نے 29 جون کی شام تک 1525 ارب روپے حاصل کرلیے ہیں جبکہ آج ادارہ مزید 60 ارب روپے حاصل کرلے گا۔