4 جولائی 2011
وقت اشاعت: 11:32
پاکستان کو درپیش چیلنجز میں دہشتگردی سہرفہرست ہے، ایڈمرل نعمان بشیر
جنگ نیوز -
کراچی…پاکستان نیول اکیڈمی میں افسروں کی 95ویں پاسنگ آوٰٹ پریڈ کا انعقاد ہوا جس میں 94 افسران نے کمیشن حاصل کیا جن میں 7 خواتین بھی شامل ہیں،چیف آف نیول اسٹاف ایڈمرل نعمان بشیر تقریب کے مہمان خصوصی تھے،مڈ شپ مین ذیشان جاوید نے اعزازی شمشیر حاصل کی۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے چیف آف نیول سٹاف ایڈمرل نعمان بشیر نے کہا کہ پاکستان کو متعدد چیلنجز کا سامنا ہے جن میں دہشت گردی سر فہرست ہے۔انہوں نے کہا کہ پاک بحریہ کے متعدد شعبوں میں خواتین کی شمولیت ان کی خود اعتمادی اور مردوں کے شانہ بشانہ کام کرنے کی صلاحیت کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ ایڈمرل نعمان بشیر کا کہنا تھا کہ جدید ہتھیاروں کے ساتھ ساتھ اعلیٰ پیشہ وارانہ صلاحیت اور ہر قسم کے حالات میں امور کی انجام دہی کامیابی کی ضامن ہے۔