تازہ ترین سرخیاں
 تازہ ترین خبریں 
4 جولائی 2011
وقت اشاعت: 13:29

بڑھتی ہوئی مہنگائی کی وجہ حکومت کے قرضوں میں اضافہ ہے، اسٹیٹ بینک

جنگ نیوز -
کراچی....اسٹیٹ بینک نے معیشت کے سہ ماہی جائزے میں کہا ہے کہ ملک میں مہنگائی کے سیلاب کو روکنے کیلئے حکومتی قرضوں پر پابندی عائد کرنے کے ساتھ ساتھ مالیاتی نظم و نسق بہتر کرنا ہوگا جبکہ توانائی کے بحران پر قابو پانے کیلئے فرنس آئل کا متبادل تلاش کرنا بھی ضروری ہے۔ اسٹیٹ بینک کے گزشتہ مالی سال کی تیسری سہ ماہی کے معاشی جائزے میں بتایا گیا ہے کہ گزشتہ سال آنے والے سیلاب کی وجہ سے قیمتوں میں اضافے کے اثرات ختم ہوچکے ہیں۔ اس کے باوجود مالی سال کے دوران مہنگائی کی شرح 14 فیصد رہی ہے جبکہ مالی سال 2009-2010 میں قیمتوں کے اضافے کی شرح 11.7 فیصد تھی۔ اسٹیٹ بینک کا کہنا تھا کہ بڑھتی ہوئی مہنگائی کی وجہ حکومت کے قرضوں میں اضافہ ہے، حکومت کے اخراجات میں مسلسل اضافہ ہورہا ہے جسے پورا کرنے کیلئے بڑے پیمانے پر مرکزی اور کمرشل بینکوں سے قرض لیا جارہا ہے۔ حکومت کے مقامی قرضوں کا حجم 5 ہزار 4 سو 63 ارب روپے کی سطح پر پہنچ گیا ہے، جوکہ مالی سال 2007 کے مقابلے میں دگنا ہے۔ توانائی کا بحران معیشت کیلئے بھی زہر قاتل ہے۔ بجلی کی قلت کی وجہ سے سیمنٹ، فرٹیلائزر، گاڑیوں، ٹیکسٹائل،سیمنٹ اور پیٹرولیم مصنوعات کی طلب کے مقابلے میں پیداوار کم رہی ہے۔ رپورٹ میں تجویز کیا گیا ہے کہ بجلی کی پیداوار کیلئے فرنس آئل کے قابل اعتماد متبادل تیار کرنے کی ضرورت ہے، اور درآمد شدہ گیس کے استعمال کیلئے ضروری انفرااسٹرکچر درکار ہے۔


متن لکھیں اور تلاش کریں
© sweb 2012 - All rights reserved.