8 جولائی 2011
وقت اشاعت: 11:29
کراچی میں خونی ڈرامہ جاری،عوام پریشان، فائرنگ سے20افراد ہلاک
جنگ نیوز -
کراچی …افضل ندیم ڈوگر…کراچی میں دہشت گردی کی لہر آج چوتھے روز بھی جاری ہے، تازہ پرتشدد واقعات میں مزید 20 شہری ہلاک اور 25 زخمی ہوگئے۔ شرپسندوں نے مخالف آبادیوں کو راکٹوں اور بموں سے نشانہ بنانا شروع کردیا ہے۔ متاثرہ علاقوں سے بڑے پیمانے پر نکل مکانی ہورہی ہے۔کراچی میں منگل کو اچانک شروع ہونے والی دہشت گردی کی لہر میں آج تک 84 سے زائد افراد لقمہ اجل بن چکے ہیں۔ جبکہ لگ بھگ دو سو شہری زخمی ہوچکے ہیں۔ جن میں معصوم بچے، خواتین اور بوڑھے بھی شامل ہیں۔ اورنگی ٹاوٴن سے پھوٹنے والے پرتشدد ہنگاموں نے کراچی غربی کے علاوہ شہر کے دیگر کئی علاقوں کو بھی لپیٹ میں لے لیا ہے۔ جس کے نتیجے میں اورنگی ٹاوٴن، کٹی پہاری، قصبہ کالونی، مسلم آباد، علی گڑھ کالونی، اسلامیہ کالونی، ہریانہ کالونی، مومن آباد، بنارس، نارتھ ناظم آباد، ناظم آباد، بلدیہ ٹاوٴن، اولڈ ستی ایریا، کھارادر، بھیم پورہ، سائٹ، شیرشاہ اور دیگر آبادیاں بھی دہشت گردی اور بدامنی کی لپیٹ میں آچکی ہیں۔ جہاں حکومت یا اس کی حکمرانی، قانون یا اسے نافذ کرنے والے ادارے ناکام دکھائی دیتیہیں۔ شہر میں پولیس اور رینجرز کی چوکیاں خالی ہیں۔ جہاں سے سرکاری اہلکار غائب ہیں اور اطلاعات کے مطابق ایسی بیشتر چوکیاں اب دہشت گرد اپنی کارروائیوں کے لئے استعمال کررہے ہیں۔ شدید فائرنگ کے باعث سیکڑوں شہری ان علاقوں سینکل مکانی کرچکے ہیں۔ جن کی املاک کو جلایا جارہا ہے جبکہ انتہائی مجبوری کے باعث ان آبادیوں میں رکے ہوئے شہری گولیوں کا نشانہ بن رہے ہیں۔ کراچی کی مسرور ائر بیس سے جڑے ہوئے علاقے بلدیہ ٹاوٴن میں تو دہشت گردوں نے شدید فائرنگ کے ساتھ ساتھ مخالفین کے گھروں پر راکٹ لانچرز اور دستی بموں سے حملے کئے ہیں یہ راکٹ گذشتہ رات گئے بلدیہ ٹاوٴن کے پٹنی محلے، گجرات محلے، ترک محلے، کے ایس مجاہد روڈ کے گھروں پر گرے۔ شرپسندوں نے دستی بموں سے بھی سرکاری و نجی املاک کو نشانہ بنایا۔ اولڈ سٹی ایریا کے علاقے بھیم پورہ میں موٹر سائیکل سوار دہشت گردوں نے ایک گھر پر دستی بم سے حملہ کیا۔ جس سے محمد حسین ہلاک جبکہ 6 افراد زخمی ہوئے۔ کراچی میں گذشتہ روز 37 افراد دہشت گردی بھینٹ چڑھ گئے۔ جبکہ رات گئے سے آخری اطلاعات تک مزید 20 افراد ہلاک 25 زخمی ہوچکے ہیں۔ تازہ واقعات میں اورنگی ٹاوٴن، کٹی پہاڑی، قصبہ کالونی میں 6، بلدیہ ٹاوٴن کے مختلف علاقوں میں 6، کھارادر میں تین افراد ہلاک ہوچکے ہیں، فائرنگ سے دیگر ہلاکتیں، حسن اسکوائر، نیوکراچی، سولجر بازار، ماڈل کالونی میں ہوئیں۔