14 جولائی 2011
وقت اشاعت: 19:43
ذوالفقار مرزا کیخلاف ملک بھر میں متحدہ کے مظاہرے،سندھ میں کاروبار بند
جنگ نیوز -
کراچی …سندھ کے سینئر وزیر ذوالفقار مرزا کے ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین کیخلاف بیان پر متحدہ قومی موومنٹ کی جانب سے ملک بھر میں مظاہرے اور احتجاج کیا گیا۔سندھ کے مختلف شہروں میں کاروباری و تجارتی مراکز بند رہے اور سڑکوں سے ٹریفک غائب رہی ۔ڈاکٹر ذوالفقار مرزا کے بیان کیخلاف لاہور پریس کلب کے سامنے رکن رابطہ کمیٹی افتخار رندھاوا کی قیادت میں احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ مظاہرین نے سڑک پر ٹائر جلائے اور ذوالفقار مرزا کا پتلا نذر آتش کیا۔حیدرآباد کے مختلف علاقوں میں متحدہ کے کارکنوں نے احتجاجی جلوس نکالے اور ذوالفقار مرزا کے پتلے جلائے۔ شہر میں تمام کاروباری اور تجارتی سرگرمیاں معطل رہیں۔ پولیس نے ہنگامہ آرائی اور جلاوٴ گھیراوٴ کے الزام میں 45 افراد کو گرفتار کرلیا۔ دادو میں احتجاجی مظاہرین کو منتشر کرنے کیلئے پولیس نے لاٹھی چارج کیا اور 4 افراد کو گرفتار کرلیا۔ ٹھٹھہ ، ٹنڈو الہ یار، ٹنڈو محمد خان ، بدین میں مشتعل کارکنوں نے ریلیاں نکالی اور ذوالفقار مرزاکا پتلا نذر آتش کیا۔ نوابشاہ میں سبزی منڈی چوک پر متحدہ کے کارکنوں نے احتجاجی مظاہرہ کیا۔ میر پور خاص میں شہریوں نے احتجاجی مارچ کیا جس میں خواتین بھی بڑی تعداد میں شریک ہوئیں۔ شہر میں بازار اور دکانوں کے علاوہ پٹرول پمپس بھی بند رہے۔ سکھر میں متحدہ قومی موومنٹ کے کارکنان نے احتجاجی مظاہرہ کیا۔ مظاہرے میں خواتین کارکنان نے بھی شرکت کی۔ جیکب آباد میں پولیس نے ایم کیو ایم کے زونل آفس پر چھاپہ مار کر ہنگامہ آرائی کے الزام میں 2 کارکنوں کو گرفتار کرلیا۔خیر پور ، لاڑکانہ ،گھوٹکی ،سانگھڑ، عمر کوٹ،نوشہروفیروزمیں احتجاجی جلوس نکالے گئے۔ملتان میں گھنٹہ گھر چوک پر ایم کیو ایم نے احتجاجی مظاہرہ کیا۔ بہاول پور اور خانیوال میں پریس کلب پر مظاہرہ کیاگیا۔ گوجرانوالہ میں احتجاجی مظاہرین نے ٹائر جلاکر سڑک بلاک کر دی۔ سیالکوٹ میں شہاب پورہ روڈ پر ایم کیو ایم نے احتجاج کیا۔ فیصل آباد کے کچہری بازار میں کارکنوں نے ذوالفقار مرزا کے خلاف نعرے لگائے۔بلوچستان کے علاقے جعفرآباد میں بھی ذوالفقار مرزا کے خلاف احتجاج کیا گیا۔راولپنڈی ، مظفر آباد اور اسکردو میں بھی ایم کیو ایم کے کارکنوں نے سندھ کے سینئر وزیر کے بیان پر احتجاجی مظاہرہ کیا۔