16 جولائی 2011
وقت اشاعت: 11:19
ڈی جی آئی ایس آئی کی مداخلت پر رینجرز تعینات کی گئی،فاروق ستار
جنگ نیوز -
کراچی…متحدہ قومی موومنٹ کی ڈپٹی کنوینر ڈاکٹر فاروق ستار نے انکشاف کیا ہے کہ کٹی پہاڑی پر ڈی جی آئی ایس آئی کی مداخلت کے بعد رینجرز کو تعینات کیا گیا ۔ فاروق ستار کا کہنا ہے کہ حکومت اور وزیر داخلہ رحمان ملک نے ہماری ایک نہ سنی اور چار دن تک علاقے میں رینجرز کو نہیں بھیجا گیا۔ ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا کہ الطاف حسین نے ڈی جی آئی ایس آئی لیفٹیننٹ جنرل احمد شجاع پاشا سے رابطہ کیا اور انھیں صورتحال سے آگاہ کیا جس کے بعد علاقے میں رینجرز کو بھیجا گیا۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ اس سے پہلے بھی تین سال تک حکومت سے کہتے چلے آئے ہیں کہ کٹی پہاڑی کے علاقے میں رینجرز یا کسی ایسی فورسز کو بھیجیں جو حالات کو قابو کرے۔ الطاف حسین نے ڈی جی آئی ایس آئی سے کہا کہ وہ نہتے معصوم شہریوں کا قتل عام اور مساجد اور امام بارگاہوں پر فائرنگ کو رکوانے کیلئے ضروری ہوگیا ہے کہ فورس کو تعینات کیا جائے۔ الطاف حسین کی بات چیت کے بعد علاقے میں چھ گھنٹے میں رینجرز داخل ہوگئی اور اس کو قابضین سے خالی کرالیا گیا۔ فاروق ستار نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ اب جبکہ رینجرز وہاں موجود ہے اور تجاوزات کو خالی کرالیا گیا ہے ، کچھ لوگ گرفتار کیے گئے ، کچھ لوگ بھاگ گئے ہیں انھیں بھی گرفتار کرکے انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے۔