تازہ ترین سرخیاں
 تازہ ترین خبریں 
19 جولائی 2011
وقت اشاعت: 9:20

ملک بھر میں بجلی کی طویل لوڈشیڈنگ سے عوام کی زندگی اجیرن ہو گئی

جنگ نیوز -
لاہور. .. . ... .ملک کے چھوٹے بڑے شہروں میں بجلی کی طویل لوڈشیڈنگ معمول بن گئی ہے جس سے کاروباری طبقہ شدید متاثر ہورہاہے۔ سندھ میں نواب شاہ،لاڑکانہ،جیکب آباد اور بدین سمیت مختلف دیہی اور شہری علاقوں میں 12 سے 14 گھنٹے لوڈ شیڈنگ کی جا رہی ہے ۔ حیدر آباد اور سکھر میں 8 سے 10 گھنٹے لوڈشیڈنگ سے شہریوں کا جینا محال ہوگیا ہے ۔ پنجاب میں ملتان، خانیوال ، ڈیرہ غازی خان ، بہاولپور،فیصل آباد اور سرگودھا سمیت شہری علاقوں میں لوڈ شیڈنگ کا دورانیہ 16 گھنٹے تک جا پہنچا ہے۔ بلوچستان کے ضلع چمن،پشین،لورالائی،نصیر آباد،جعفر آباد ،سبی سمیت مختلف علاقوں میں16 گھنٹے تک بجلی کی بندش سے گھریلووکارروباری صارفین کومشکلات کا سامنا ہے۔ خیبرپختونخوا کے ضلع سوات،کرک ،بنوں ،ڈیرہ اسماعیل خان کے شہری و دیہی علاقوں میں 12 گھنٹے تک لوڈشیڈنگ کی جارہی ہے۔ کراچی میں ہونے والی طویل دوارنیہ کی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ نے شہریوں کا جینا دو بھر کردیا ہیشہریوں کا کہنا ہے کہ حکومت بجلی کے بحران پر قابو پانے کے لئے کوئی عملی اقدام کرے۔کراچی میں بجلی کی غیر اعلانی لوڈشیڈنگ میں اضافہ نے شہریوں کی مشکلات میں مزید اضافہ کردیا ہے۔کئی علاقوں میں کیبل فالٹس ، فیڈر ٹرپنگ ،پی ایم ٹی کی خرابی کئی کئی دن درست نہ کیے جانے سے بھی شہری دوہرے عذایب میں مبتلا ہیں۔ذرائع کے مطابق بعض علاقوں میں ہر ایک گھنٹے کے بعد دو گھنٹے کی لوڈشیڈنگ کی جاری ہے۔کے ای ایس سی ترجمان کا کہنا ہے کہ شہر میں بجلی کی طلب میں اضافے کے باوجود کے ای ایس سی کو ضرورت سے 116 ملین مکعب فٹ گیس کم فراہم کی جارہی ہے، گیس کی فراہمی 240 ملین مکعب فٹ ہوجائے تو لوڈ شیڈنگ کا دورانیہ نصف کردیا جائے گا۔رضا کارانہ علیحدگی اسکیم کے خلاف کے ای ایس سی مزدور اتحاد کا دھرنا گورنر ہاوٴس کے سامنے جاری ہے۔ مزدور رہنماوٴں نے کہا کہ جب تک مطالبات منظور نہیں ہوتے دھرنا جاری رہے گا۔ ترجمان کے ای ایس سی نے کہا ہے کہ اب تک کسی ملازم کو نوکری سے برطرف نہیں کیا گیا ہے۔ادھر لاہور میں بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کا دورانیہ چودہ گھنٹے سے تجاوز کر گیا۔ شدید حبس اور گرمی میں شہریوں کو سخت پریشانی اور اذیت کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔لاہور کے اکثر علاقوں علامہ اقبال ٹاوٴن، گرین ٹاوٴن، ٹاوٴن شپ، شاہدرہ، مصری شاہ، باغبانپورہ اور اندرون شہر میں بجلی کی آنکھ مچولی نے شہریوں کو ذہنی اذیت سے دوچار کر رکھا ہے۔ بجلی ایک گھنٹے کے لیے آتی ہے اور دو دو گھنٹے غائب رہتی ہے۔ جس کے باعث نہ دن میں سکون ہے اور نہ رات میں آرام۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ بجلی نے ان کی گھریلو اور کاروباری سرگرمیاں ٹھپ کر دی ہیں۔


متن لکھیں اور تلاش کریں
© sweb 2012 - All rights reserved.