19 جولائی 2011
وقت اشاعت: 11:44
گرینڈ الائنس صدر زرداری کو بچانے کیلئے ہے، منور حسن
جنگ نیوز -
کوئٹہ. . . ... .جماعت اسلامی کے مرکزی امیر سید منور حسن نے کہا ہے کہ میاں نواز شریف اور ایم کیو ایم پہلے بھی پیپلز پارٹی کی حکومت کو تحفظ دیتے رہے ہیں اور وہ اب بھی ایسا ہی کررہے ہیں۔کوئٹہ پہنچنے کے بعد ائرپورٹ پر میڈیاسے بات چیت کرتے ہوئے، جماعت اسلامی کے امیر سید منور حسن کا کہنا تھا کہ بلوچستان وسائل سے مالا مال صوبہ ہے اس کے عوام کے ساتھ جو کچھ ہورہا ہے وہ درست نہیں ہے، آج کا جماعت اسلامی کا دھرنا صوبے کے عوام کے ساتھ یکجہتی کا اظہار ہوگا۔کوئٹہ میں منعقدہ وفاقی کابینہ کے اجلاس کے بارے میں ان کا کہنا تھا کہ اس سے بلوچستان میں کسی کی تشفی نہیں ہوگی، یہ ایک بچکانہ حرکت تھی۔ ایک سوال کے جواب میں امیرجماعت اسلامی کا کہنا تھا کہ ایم کیو ایم اقتدار کے بغیر ایک دن بھی زندہ نہیں رہ سکتی، کراچی کے حالات کی وجہ سے وہاں عام آدمی متاثر ہورہا ہے، بلوچستان میں جومسخ شدہ لاشیں مل رہی ہیں اس کا کلچرکراچی میں ایم کیو ایم کا ایجاد کردہ ہے۔ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ گرینڈ الائنس صدر زرداری کو تحفظ دینے کے لئے بن رہا ہے، میاں نواز شریف اور ایم کیو ایم پہلے بھی پیپلز پارٹی کی حکومت کو تحفظ دیتے رہے ہیں اور اب بھی ایسا کررہے ہیں۔