19 جولائی 2011
وقت اشاعت: 14:56
الیکشن کمیشن نے پرویز مشرف کی سیاسی جماعت کورجسٹر کرلیا
جنگ نیوز -
اسلام آباد...الیکشن کمیشن آف پاکستان نے سابق صدر جنرل ریٹائرڈ پرویز مشرف کی جماعت،آل پاکستان مسلم لیگ کوبطورسیاسی جماعت رجسٹر کرلیا ہے۔ کمیشن نے 18 ویںآ ئینی ترمیم کے بعدضمنی الیکشن میں کامیاب امیدواروں کو طلب کرنے کابھی فیصلہ کیاہے۔چیف الیکشن کمشنر جسٹس ریٹائرڈ حامدعلی مرزا کی زیر صدارت الیکشن کمیشن کا اجلاس اسلام آباد میں ہوا، کمیشن نے آل پاکستان مسلم لیگ کی رجسٹریشن کیلئے اس کے چیف آرگنائزر بیرسٹرمحمدعلی سیف کی پیش کردہ دستاویز ات کو سیاسی جماعتوں کے قانون کے مطابق قرار دیا۔اجلاس میں 18ویں آئینی ترمیم کی منظوری کے بعد اور موجودہ الیکشن کمیشن کی تشکیل سے قبل ہونیوالے قومی اور صوبائی اسمبلیوں کے ضمنی انتخابات کی آئینی حیثیت کا جائزہ لیا۔ کمیشن نے فیصلہ کیا کہ سپریم کورٹ کے فیصلہ کی روشنی میں ان ضمنی الیکشن میں کامیاب 28 امیدواروں کو 13 اگست کو بلایاجائیگا تاکہ ان کی رائے سنی جاسکے، کمیشن نے اس معاملے میں قانونی اور آئینی معاونت کیلئے اٹارنی جنرل کو بھی بلوانے کا فیصلہ کیا۔