19 جولائی 2011
وقت اشاعت: 18:56
ایم کیوایم متوسط طبقہ کو حق حکمرانی دلانا چاہتی ہے، سلیم شہزاد
جنگ نیوز -
بریڈفورڈ…متحدہ قومی موومنٹ کی رابطہ کمیٹی کے رکن سلیم شہزاد نے کہا ہے کہ ایم کیو ایم اصولی سیاست پر یقین رکھتی ہے اور چاہتی ہے کہ ملک بھر میں غریب ومتوسط طبقہ کے عوام کو حق حکمرانی ملے ۔یہ بات انہوں نے ایم کیوایم برطانیہ بریڈفورڈ یونٹ کے زیراہتمام بریڈ فورڈ کے پاکستان کمیونٹی سینٹر میں منعقدہ جلسہ قومی یکجہتی سے خطاب کرتے ہوئے کہی ۔جلسہ سے ایم کیوایم برطانیہ کے آرگنائزر ڈاکٹر سلیم دانش، جوائنٹ آرگنائزر فیض احمد، آرگنائزنگ کمیٹی کے ارکان علی مرتضیٰ، ہاشم اعظم، سہیل خانزادہ، عبدالحلیم ، منشاء خان ، ڈاکٹر سروراوردیگر نے خطاب کیا۔ سلیم شہزاد نے کہا کہ قائد تحریک الطاف حسین نے پاکستان کی سیاست میں ایک نئی روایت کو جنم دیا انہوں نے موروثی سیاست کے خلاف بات ہی نہیں کی بلکہ دیگر سیاستدانوں کی طرح اپنے بھائی ،بہنوں، بھانجوں اوربھتیجوں کے بجائے میرٹ کی بنیاد پرپڑھے لکھے غریب ومتوسط طبقہ سے تعلق رکھنے والے ایماندار اور تعلیم یافتہ کارکنان کومنتخب کرواکر اسمبلیوں میں بھیجا۔ ایم کیو ایم برطانیہ کے آرگنائزر ڈاکٹر سلیم دانش نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے انگریزوں سے تو آزادی حاصل کرلی مگرپاکستان کے عوام آج بھی وڈیروں ،جاگیرداروں سرمایہ داروں کے غلام ہیں۔ایم کیوایم ،پاکستان سے فرسودہ جاگیردارانہ نظام کا خاتمہ کرکے ملک بھر کے عوام کو جاگیرداروں کے چنگل سے آزادی دلانے کی جدوجہد کررہی ہے ۔ ایم کیو ایم برطانیہ کے جوائنٹ آرگنائزر فیض احمد نے ایم کیو ایم کے قیام کے اسباب اور اس کے اغراض و مقاصد بیان کرتے ہوئے کہاکہ ایم کیوایم سیاست برائے خدمت پر یقین رکھتی ہے اورایم کیوایم کی سیاست کا مقصد اقتدار کا حصول نہیں بلکہ خلق خدا کی بے لوث خدمت ہے ۔ تقریب سے دیگر مقررین نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ قائد تحریک الطاف حسین پاکستان کے مظلوم ، محکوم اور محروم عوام کی ترجمانی کررہے ہیں اور جب تک ملک سے فرسودہ جاگیردارانہ اور موروثی سیاست کا خاتمہ نہیں ہوگا پاکستان اور اس کے عوام ترقی نہیں کرسکتے ۔ انہوں نے کہاکہ کشمیر ی عوام نے اپنے حقوق کیلئے لاکھوں جانوں کا نذرانہ پیش کیا ہے اور ایم کیوایم کشمیری عوام کی خواہشات اور امنگوں کے برخلاف مسئلہ کشمیر کا کوئی بھی حل قبول نہیں کرے گی ۔ انہوں نے برطانیہ میں مقیم کشمیری عوام سے اپیل کی کہ وہ پاکستان میں موجود اپنے رشتہ داروں سے درخواست کریں کہ وہ 20، جولائی کو کشمیر کی قانون سازاسمبلی کے انتخابات میں حق پرست امیدواروں کو ووٹ دیکر بھاری اکثریت سے کامیاب کرائیں ۔بعد ازاں ایم کیو ایم بریڈ فورڈ یونٹ کی ورکنگ کمیٹی کے ارکان کے ناموں کا اعلان کیا گیا۔ورکنگ کمیٹی میں احمر عباسی(انچارج ورکنگ کمیٹی)،ڈاکٹر خرم رضوی،واصف عزیز،خالد جیلانی،عبدالرئیس،دانش عقیل،محمد راشد اور محتشم عزیزشامل ہیں۔