20 جولائی 2011
وقت اشاعت: 10:19
بجلی کا شارٹ فال6ہزار میگاواٹ برقرار،20گھنٹے تک کی لوڈشیڈنگ
جنگ نیوز -
لاہور. . .... حکومت دعووٴں کے باوجود بجلی کے بحران پر قابو نہیں پا سکی۔ شارٹ فال چھ ہزار میگاواٹ کی سطح پر برقرار ہے۔ لوڈشیڈنگ کا دورانیہ شہروں میں چودہ گھنٹے اور دیہات میں بیس گھنٹے تک پہنچ گیا۔پیپکو حکام کے مطابق بجلی کی پیداوار صرف بارہ ہزار آٹھ سو باون میگا واٹ جبکہ طلب اٹھارہ ہزار آٹھ سو سینتالیس میگا واٹ ہے۔ شارٹ فال میں اضافے کے بعد غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ کا دورانیہ بڑھ گیا۔ دن رات بجلی کی بندش نے شہروں کا جینا محال کر رکھا ہے۔ پیپکو کے مطابق کراچی الیکٹرک سپلائی کمپنی کو سات سو بیس میگا واٹ کی فراہمی جاری ہے۔بجلی کی ہائیڈل پیداوار پانچ ہزار دو سو چوبیس اور تھرمل ایک ہزار سات سو ترانوے میگا واٹ ہے۔ آئی پی پیز سے پانچ ہزار چھ سو چھتیس جبکہ کرائے کے بجلی گھروں سے ایک سو نناوے میگاواٹ بجلی پیدا ہو رہی ہے۔