20 جولائی 2011
وقت اشاعت: 11:26
بھارتی کھلاڑی امپائر کو دھونس دیتے ہیں، ڈیرل ہارپر پھٹ پڑے
جنگ نیوز -
سڈنی.. . . . . .آسٹریلین امپائر ڈیرل ہارپر نے اپنے آخری ٹیسٹ کی قربانی تو دے دی لیکن وہ اب خم ٹھونک کر بھارتی ٹیم کے خلاف میدان میں اتر آئے ہیں مگر ان کے الزامات پر آئی سی سی خاموش ہے،،ڈیرل ہارپر کو ایک دن کھیل سے رخصت تو ہونا ہی تھا لیکن انہیں جس طرح یہ میلہ چھوڑنا پڑا اس پر وہ قطعی مطمئن نہیں، انہوں نے اس رخصتی کی ذمے دار بھارتی ٹیم کو اپنی زبانی فائرنگ کا نشانہ بنا رکھا ہے،ہارپر نے بھارتی کھلاڑیوں پر دھونس دھمکی کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ ان کے اس رویئے پر کسی کو تو آواز اٹھانا چاہیے اور وہ اسی لیئے ایسا کر رہے ہیں،آئی سی سی نے ہارپر کی تمام شکایات کے منظر عام پر آنے کے باوجود پراسرار خاموشی اختیار کی ہوئی ہے،بھارتی کپتان نے واضح طور پر الزام عائد کیا کہ اگر ہارپر درست فیصلے کرتے تو میچ بہت پہلے ختم ہو جاتا لیکن آئی سی سی امپائر کے فیصلوں پرتنقید کے باعث دھونی کو وارننگ بھی نہ دے سکی،جرمانہ یا معطل سزا تو بہت دور کی بات ہے،اپنی غلطی کو چھپانے اور بھارت کا ہر حال میں ساتھ دیتے ہوئے آئی سی سی نے یہ ضرور کہا ہے کہ جب کنگسٹن میں یہ واقعہ رونما ہوا تو ہارپر نے اس کی رپورٹ تک نہیں کی مگر اب وہ اسی بات پر واویلا کر رہے ہیں، گورننگ باڈی کے چیف ایگزیکٹو کا کہنا ہے کہ انہوں نے ہمیشہ ڈیرل ہارپر کی حمایت کی لیکن افسوسناک پہلو یہ ہے کہ وہ امپائر کی اس وقت کوئی مدد نہ کر سکے جب ہارپرکو اپنا الوداعی میچ بھارتی ضد اور ہٹ دھرمی کے آگے قربان کرنا پڑا،،بھارتی ٹیم ماضی میں بھی امپائرز اور میچ ریفریز کے فیصلوں پر اعتراض کر کے اپنی بات منوانے کا ناقابل شکست ریکارڈ رکھتی ہے اور یہ سلسلہ درازہوتا جا رہا ہے،ہارپر کی بات پر دھیان نہ دیا گیا توآنے والے عرصے میں بھارتی کھلاڑی اس کھیل کو مذاق بنا کر رکھ دیں گے۔